پاکستان اور شمالی امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر16.8فیصدکانمایاں اضافہ، شمالی امریکا کے ممالک کوپاکستان کے فاضل تجارت کاحجم 577.8 ملین ڈالر رہا
پاکستان اور شمالی امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر16.8فیصدکانمایاں اضافہ، شمالی امریکا کے ممالک کوپاکستان کے فاضل تجارت کاحجم 577.8 ملین ڈالر رہا

مزید خبریں
اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور شمالی امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 16.8فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے، مالی سال کے پہلے دوماہ میں شمالی امریکا کے ممالک کوپاکستان کے فاضل تجارت کاحجم 577.8 ملین ڈالر رہا۔ سٹیٹ بینک اورپی بی ایس کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے دوماہ میں پاکستان اورشمالی امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کاحجم 1.804ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1.545 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 16.8فیصدزیادہ ہے ۔
مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران شمالی امریکہ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.191 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.18 ارب ڈالرتھا۔ اس طرح برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 0.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اگست 2026 کے دوران شمالی امریکہ کو پاکستانی برآمدات کا حجم 554.70 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو جولائی کے 637.06 ملین ڈالر کے مقابلے میں 12.9 فیصد کم جبکہ گزشتہ سال اگست کے 528.57 ملین ڈالر کے مقابلے میں 4.9 فیصد زیادہ ہے۔
مالی سال 2025-26 کے دوران شمالی امریکہ کے ممالک کو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 6.503 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران شمالی امریکہ کے ممالک سے درآمدات پر 613.16 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے365.18 ملین ڈالرکے مقابلہ میں فیصدزیادہ ہے۔
اگست 2026 میں شمالی امریکہ سے درآمدات کا حجم 217.92 ملین ڈالر رہا جو جولائی کے 395.23 ملین ڈالر کے مقابلے میں 44.9 فیصد کم تاہم گزشتہ سال اگست کے 166.67 ملین ڈالر کے مقابلے میں 30.8 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2025-26 کے دوران شمالی امریکہ کے ممالک سے درآمدات پر مجموعی طور پر 3.822 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں شمالی امریکہ کے ساتھ پاکستان کی فاضل تجارت کا حجم 577.8 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے814.8 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 29.1 فیصد کم ہے۔








