پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون، اساتذہ و طلبہ کے تبادلے اور مشترکہ وظائف کے فروغ پر اتفاق

ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور عرب لیگ کی تعلیمی، ثقافتی اور سائنسی تنظیم نے اساتذہ و طلبہ کے تبادلے، مشترکہ وظائف اور تعلیمی تعاون کے فروغ کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں عرب لیگ کی تعلیمی، ثقافتی اور سائنسی تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد ولد عمار نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد سے کمیشن سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور عرب لیگ کی تعلیمی، ثقافتی اور سائنسی تنظیم نے اساتذہ و طلبہ کے تبادلے، مشترکہ وظائف اور تعلیمی تعاون کے فروغ کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں عرب لیگ کی تعلیمی، ثقافتی اور سائنسی تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد ولد عمار نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد سے کمیشن سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔

اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون کے رابطہ کار جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں عرب لیگ کی رکن ریاستوں اور پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان شراکت داری مضبوط بنانے اور علمی و ثقافتی روابط بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے عرب لیگ کی رکن ریاستوں کے طلبہ کے لیے پاکستان میں پہلے سے فراہم کردہ وظائف کا ذکر کرتے ہوئے مزید عرب طلبہ کو پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے جامعات کے طلبہ کے لیے فہم القرآن کورس کو ڈگری کے حصول کی لازمی شرط کے طور پر متعارف کرانے کے کمیشن کے اقدام سے بھی آگاہ کیا اور اس سلسلے میں معاونت کے لیے اہل عربی اساتذہ کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔دونوں فریقوں نے پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان دیرینہ مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور تعلیمی و ثقافتی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

مزید خبریں