پاکستان اور فرانس کا سکیورٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان اور فرانس کا سکیورٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور فرانس نے سکیورٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان فرانس مشترکہ سکیورٹی کمیشن کے 8ویں اجلاس میں طے پایا ۔ منگل کو ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان فرانس مشترکہ سکیورٹی کمیشن کے اجلاس میں وفاقی سیکرٹری برائے وزارت دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ فرانسیسی وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی (ایس جی ڈی ایس این) نکولس روشے نے کی۔

اجلاس میں سکیورٹی اور دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں 2022ء میں پیرس میں مشترکہ سکیورٹی کمیشن کے ہونے والے 7ویں دور کے دوران زیر بحث آنے والے امور پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا ۔ فریقین نے پاکستان فرانس دوطرفہ تعاون کے روڈ میپ (2023) کے مطابق تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اس پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ مذاکرات اور روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

آئندہ سٹاف مذاکرات دفاعی تعاون کا جائزہ لینے اور دوطرفہ مذاکرات و روابط جاری رکھنے کا موقع فراہم کریں گے۔وفود نے علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور امن کے فروغ کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف کارروائی اور منشیات کی سمگلنگ، بحری قزاقی اور سرحد پار منظم جرائم کی دیگر اقسام سمیت متعلقہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

پاکستان فرانس مشترکہ سکیورٹی کمیشن سکیورٹی اور دفاعی امور پر مشاورت کے لیے ایک ادارہ جاتی طریقہ کار ہے جو باہمی دلچسپی کے امور پر باقاعدہ تبادلہ خیال کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشترکہ سکیورٹی کمیشن کا آئندہ اجلاس باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر فرانس میں منعقد ہوگا۔