پاکستان اور لٹویا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں دور،باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال
پاکستان اور لٹویا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں دور،باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور لٹویا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں دور بدھ کو ورچوئل (آئن لائن)منعقد ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لینے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں فریقین نے دوستانہ اور تعمیری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور سیاسی، اقتصادی، تعلیمی، انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
فریقین نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات پر بھی گفتگو کی۔ اس سلسلے میں تجارت کے فروغ کے لیے باضابطہ مکالمے کے قیام کے امکان کا جائزہ لینے، کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے، تجارتی میلوں اور نمائشوں میں شرکت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی و ڈیجیٹل خدمات کے شعبوں میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ تعلیم اور عوامی سطح پر روابط کا فروغ بھی مذاکرات کا ایک اہم موضوع رہا۔ فریقین نے طلبہ اور اساتذہ کے تبادلوں، مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں اور جامعات کے درمیان تعاون کو آسان بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقین نے قونصلر امور بشمول ویزوں کے حصول میں سہولت اور پیشہ ورانہ نقل و حرکت کے معاملات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
اس کے علاوہ دونوں جانب سے بین الاقوامی امن و سلامتی اور کثیرالجہتی تعاون کے امور پر خیالات کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت بھی زیرِ بحث آئی۔ فریقین نے دوطرفہ روابط کی رفتار برقرار رکھنے اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ و مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ پاکستان اور لٹویا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور باہمی رضامندی سے طے شدہ تاریخوں پر منعقد ہوگا۔








