پاکستان اور چین کا لائیو سٹاک اور گوشت کی برآمدات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور چین نے لائیو سٹاک اور گوشت کی برآمدات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، پاکستان کا لائیو سٹاک شعبہ جدید اصلاحات، ٹیکنالوجی اور عالمی شراکت داری کے ذریعے ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہے

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):پاکستان اور چین نے لائیو سٹاک اور گوشت کی برآمدات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، پاکستان کا لائیو سٹاک شعبہ جدید اصلاحات، ٹیکنالوجی اور عالمی شراکت داری کے ذریعے ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہے۔وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت چینی وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پاکستان اور چین نے گوشت کی برآمدات میں اضافے اور لائیو سٹاک شعبے کی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ اس تعاون کے تحت پاکستان میں جدید سلاٹر ہاؤسز، میٹ پروسیسنگ سہولیات اور برآمدی انفراسٹرکچر کے قیام کو فروغ دیا جائے گا۔پاکستان چین کو اعلیٰ معیار کے حلال گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، کولڈ چین اور ٹریس ایبلٹی نظام کو بہتر بنائے گا ۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان وسیع لائیو سٹاک اثاثوں اور اعلیٰ معیار کے حلال گوشت کی پیداوار کی صلاحیت رکھتا ہے ۔لائیو سٹاک شعبہ زرعی معیشت ، ویلیو ایڈیشن، دیہی روزگار اور مجموعی قومی پیداوار میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔چینی وفد نے پاکستان کے لائیو سٹاک پوٹینشل کو سراہتے ہوئے میٹ پروسیسنگ، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور برآمدی انفراسٹرکچر میں تعاون پر دلچسپی ظاہر کی۔واضح رہے کہ زرعی اور لائیو سٹاک شعبے میں ترقی کے اقدامات پاکستان کی معاشی نمو، برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔