پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، اخلاص، تعاون اور پائیدار دوستی کی شاندار مثال ہیں، جو گزشتہ 75 برسوں سے ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔
پاکستان اور چین کی لازوال دوستی خطے میں امن و ترقی کی ضمانت ہے، میاں کاشف اشفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، اخلاص، تعاون اور پائیدار دوستی کی شاندار مثال ہیں، جو گزشتہ 75 برسوں سے ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔جمعرات کو پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی پیغام انہوں نے دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی محض سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ یہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں موجود اخوت اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے کی عکاس ہے۔
میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستانی عوام چین کے لیے حقیقی عزت، احترام اور دلی محبت کے جذبات رکھتے ہیں جبکہ دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کی اقتصادی ترقی، انفراسٹرکچر اور صنعتی شعبے کی بہتری میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کی دوستی کا عملی مظہر ہے، جس نے پاکستان میں ترقی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعاون مزید فروغ پائے گا۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان فرنیچر کونسل دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارتی اور صنعتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔








