پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا پانچواں دور ، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ
پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا پانچواں دور ، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
کوپن ہیگن۔24ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور ڈنمارک نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا پانچواں دور کوپن ہیگن میں منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری (یورپ) سفیر عائشہ علی نے کی جبکہ ڈنمارک کی جانب سے تجارت و سرمایہ کاری کی اسٹیٹ سیکرٹری سفیر سوزین ہائلڈلُنڈ نے وفد کی سربراہی کی۔
مذاکرات کے دوران سیاسی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، ماحول دوست توانائی کی جانب منتقلی، توانائی کے شعبے میں تعاون، عوامی روابط، قونصلر امور اور کثیرالجہتی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے اور ڈنمارک کی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر خصوصی زور دیا گیا۔
سرمایہ کاری کے لیے قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، لاجسٹکس، بندرگاہوں کی سہولیات، کان کنی و معدنیات، ماہی گیری اور پائیدار مینوفیکچرنگ کے شعبوں کو اہم قرار دیا گیا۔پاکستان نے گرین فریم ورک انگیجمنٹ معاہدے اور اسٹریٹجک سیکٹر کوآپریشن کے تحت ڈنمارک کے مسلسل تعاون کو سراہا، جس میں فیصل آباد کا ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی شامل ہے۔دونوں ممالک نے عوامی روابط کو آسان بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جن میں ویزا اور قونصلر امور، پیشہ ور افراد اور کاروباری شخصیات کی آمدورفت اور براہ راست پروازوں کے ذریعے فضائی رابطوں کا فروغ شامل ہے۔
کثیرالجہتی تعاون کے حوالے سے دونوں فریقوں نے 2025-26 کی مدت کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بیک وقت رکن کی حیثیت سے اپنے قریبی رابطوں کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک نے دوطرفہ روابط کی رفتار برقرار رکھنے اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان سیاسی مشاورت کا اگلا دور باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر پاکستان میں منعقد ہوگا۔








