پاکستان اور یورپی یونین کے 7 ویں سٹریٹجک ڈائیلاگ کا برسلز میں انعقاد

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):پاکستان اور یورپی یونین نے7 ویں سٹریٹجک ڈائیلاگ کا انعقاد برسلز میں کیا جس کی مشترکہ صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ اور نائب صدر کاجا کالس نے کی۔ پاکستانی وفد میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور سفارتخانے کے سینئر حکام بھی شامل تھے۔ …

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):پاکستان اور یورپی یونین نے7 ویں سٹریٹجک ڈائیلاگ کا انعقاد برسلز میں کیا جس کی مشترکہ صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ اور نائب صدر کاجا کالس نے کی۔ پاکستانی وفد میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور سفارتخانے کے سینئر حکام بھی شامل تھے۔ ہفتہ کو دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان۔یورپی یونین تعلقات کا جامع جائزہ پیش کیا گیا، حالیہ اعلیٰ سطح کی مصروفیات اور پائیدار ادارہ جاتی تعاملات کی مثبت رفتار کو آگے بڑھایا گیا۔

اجلاس میں فریقین نے مشترکہ اقدار، اقوام متحدہ کے چارٹر، کثیرالجہتی اور باہمی احترام اور تعاون کے اصولوں پر مبنی وسیع البنیاد، کثیر الجہتی اور مستقبل کے حوالے سے شراکت داری کےلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات بشمول یورپی یونین کے جی ایس پی پلس انتظامات کے ذریعے پائیدار ترقی، برآمدی تنوع، روزگار کی تخلیق اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی مواقع کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ سٹریٹجک ڈائیلاگ نے جنوبی ایشیا، افغانستان، مشرق وسطیٰ اور وسیع تر جغرافیائی سیاسی پیش رفت سمیت علاقائی اور عالمی پیش رفت پر خیالات کے تبادلے کا موقع بھی فراہم کیا۔

دونوں فریقوں نے امن، استحکام، پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی اور رابطے جیسے عالمی چیلنجز کےلئے مربوط نقطہ نظر کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت تعاون کو مضبوط بنانے، جاری بات چیت پر کام کو آگے بڑھانے اور آنے والے سالوں میں تعاون کو بڑھانے کےلئے ٹھوس راستوں کی نشاندہی کرنے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے 2019 کے سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت جاری تعاون کا جامع جائزہ لیا۔ اجلاس میں پاکستان اور یورپی یونین نے سٹریٹجک ہم آہنگی رکھنے والے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔یورپی یونین نے پاکستان میں جمہوریت، گورننس، قانون کی حکمرانی، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری اور انسانی حقوق کے شعبوں میں معاونت کا اعتراف کیا۔ دونوں جانب سے علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنوبی ایشیا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مذاکرات، سفارتکاری، بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا۔ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی پُرامن اور مستحکم تعلقات کی اہمیت پر زور دیا جبکہ افغان عبوری حکومت سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی توقع کا اظہارِ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ عالمی تنازعات پر پاکستان کا مؤقف ہے کہ بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کا حل ہی پائیدار راستہ ہے۔

پاکستان کے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں میں تعمیری کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وسطی ایشیا کے ساتھ علاقائی رابطہ کاری اور انضمام کے لیے پاکستان کی کوششیں زیرِبحث آئیں۔ یورپی یونین کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی مستقل اور سنجیدہ کوششوں اور علاقائی و عالمی امن کے لیے کردار کا اعتراف کیا گیا۔ سفارتکاری، ملٹی لیٹرل ازم اور تنازعات کے پُرامن حل کو فروغ دینے کے حوالے سے پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ سٹریٹجک ڈائیلاگ نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے نئے راستے کھولے۔

 

مزید خبریں