پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کوبہت اہمیت دیتاہے،دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کودورکیاجائیگا، وزیرخزانہ کی ایرانی سفیرسے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کوبہت اہمیت دیتاہے اوردونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کودورکیاجائیگا۔ وزیرخزانہ نے یہ بات بدھ کویہاں پاکستان میں ایران کے سفیرسیدمحمد علی حسینی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیرخزانہ نے ایرانی سفیرکاپرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اورایران کے درمیان دیرینہ اوربرادارانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک صدیوں سے مذہبی اورثقافتی رشتوں میں جڑھے ہیں۔وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان اپنے پڑوسی ملک ایران کے ساتھ تعلقات کوبہت اہمیت دیتاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اورایران کے درمیان تجارت استعدادسے کم ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں حائل رکاؤٹوں کودورکرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

ایران کے سفیرنے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کوسراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان اورایران کے درمیان توانائی، تجارت اوردیگرشعبوں میں مشترکہ تعاون کی وسیع تراستعدادموجودہے جس سے بھرپوراستفادہ کیاجاسکتاہے، فریقین نے پاکستان اورایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات پراطمینان کااظہارکیا اورمشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون کوفروغ دینے میں گہری دلچسپی کااظہارکیا۔