پاکستان اور بحرین نے تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، زراعت و غذائی تحفظ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم اور محنت کے شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا ہے
پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کا تیسرا اجلاس، دوطرفہ تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور بحرین نے تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، زراعت و غذائی تحفظ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم اور محنت کے شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ اتفاق رائے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور بحرین کے وزیرخارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی کی مشترکہ صدارت میں وزارت خارجہ میں پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس میں طے پایا۔اجلاس میں دوطرفہ تعاون میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، زراعت و غذائی تحفظ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم اور محنت کے شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ فریقین نے رابطوں کو مضبوط بنانے اور عوامی سطح پر باہمی روابط کو فروغ دینے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے ٹھوس فوائد میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مشترکہ ورکنگ گروپس، ادارہ جاتی شراکت داری اور باقاعدہ فالو اپ کے ذریعے طے شدہ امور پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔ پاکستانی وفد میں اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری، قائم مقام سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری ایس آئی ایف سی اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ بحرین کے اعلیٰ حکام اور بحرین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔







