اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات کے تحت بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کو رات 8 بجے بند کرنے کے حکومتی فیصلہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ چیف آرگنائزر پاکستان بزنس فورم چوہدری احمد جواد نے ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فورم کی جانب سے پہلے یہ تجویز …
پاکستان بزنس فورم کی حکومت کے کفایت شعاری اقدامات کی حمایت، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلہ کا خیر مقدم
اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات کے تحت بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کو رات 8 بجے بند کرنے کے حکومتی فیصلہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ چیف آرگنائزر پاکستان بزنس فورم چوہدری احمد جواد نے ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فورم کی جانب سے پہلے یہ تجویز دی گئی تھی کہ توانائی بچانے کے لئے ہفتہ میں دو دن یعنی پیر اور جمعہ کو مارکیٹیں بند رکھی جائیں تاہم حکومت نے جو فیصلہ کر لیا ہے، بزنس کمیونٹی اس کے ساتھ کھڑی ہے اور قومی مفاد میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کو توانائی کے بحران اور معاشی دباؤ کا سامنا ہے اس لئے ضروری ہے کہ بجلی کی بچت اور کفایت شعاری کو فروغ دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک مشرق وسطیٰ کی صورتحال بہتر نہیں ہوتی ہمیں بطور قوم محتاط حکمت عملی اپنانا ہو گی۔چوہدری احمد جواد نے مزید کہا کہ حکومتی ٹیم مشکل حالات کے باوجود مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے جس کی تحسین کی جانی چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے لئے بھی مؤثر فارمولا تیار کیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیوں پر مثبت اثر پڑے اور عوام کو بھی ریلیف مل سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بزنس فورم ملکی معیشت کے استحکام اور توانائی کے مؤثر استعمال کے لیے حکومت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گا۔









