پاکستان بے پناہ سیاحتی مواقع کا حامل خوبصورت اور متاثر کن ملک ہے، ویتنامی سفیر فام آنہ توان

پاکستان میں ویتنام کے سفیر فام آنہ توان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، خوبصورت مناظر اور مہمان لوگوں نے بہت متاثر کیا ،پاکستان کو بیرونی تاثرات سے کہیں زیادہ مختلف پایا ہے ۔ انہوں نے یہ بات ’اے پی پی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں ویتنام کے سفیر فام آنہ توان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، خوبصورت مناظر اور مہمان لوگوں نے بہت متاثر کیا ،پاکستان کو بیرونی تاثرات سے کہیں زیادہ مختلف پایا ہے ۔ انہوں نے یہ بات ’اے پی پی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ویتنامی سفیر نے کہا کہ میں پہلی بار پاکستان آیا ہوں اور پاکستان پہنچ کر مجھے بہت متاثر کن تجربہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام انتہائی مہمان نواز ہیں، یہاں آنے سے پہلے میں افریقہ میں تعینات رہا اور جب پاکستان میں میری تقرری کی گئی تو میں نے پاکستان کے بارے میں کافی معلومات حاصل کیں اور اس بارے مطالعہ بھی کیا۔

ویتنامی سفیر نے کہا کہ یہاں آنے سے قبل میرے ذہن میں سکیورٹی سمیت متعدد سوالات تھے لیکن یہاں قیام کے دوران لوگوں کی مہمان نوازی دیکھ کر بہت متاثرہوا، یہاں کے لوگ فراخ دل اور انتہائی دوستانہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور چیز جس نے مجھے بہت متاثر کیا، وہ پاکستان کے خوبصورت مناظر ہیں، مجھے ہنزہ، گلگت، سکردو اور سوات سمیت پاکستان کے بعض علاقوں کا دورہ کرنے کا موقع ملا اور میرا ماننا ہے کہ یہاں کے مناظر انتہائی دلکش اور متنوع ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔