پاکستان خلیجی ممالک کی بڑھتی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے بہتر پوزیشن میں ہے،شاہد عمران

لاہور۔22مارچ (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ ایران جنگ کے باعث خلیجی ممالک میں پیدا ہونے والے نئے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستانی تجارتی ادارے اور برآمد کنندگان فوری موثر حکمت عملی اپنائیں۔ اتوار کو لاہور میں نثار احمد حنیف کی قیادت میں برآمد کنندگان کے ایک وفد سے گفتگو …

لاہور۔22مارچ (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ ایران جنگ کے باعث خلیجی ممالک میں پیدا ہونے والے نئے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستانی تجارتی ادارے اور برآمد کنندگان فوری موثر حکمت عملی اپنائیں۔ اتوار کو لاہور میں نثار احمد حنیف کی قیادت میں برآمد کنندگان کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے، شاہد عمران نے کہا کہ پاکستان اپنی مضبوط زرعی بنیاد اور متنوع غذائی پیداوار کی وجہ سے خلیجی ممالک کی بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں پاکستانی برآمد کنندگان کو چاول، گوشت، پھلوں، سبزیوں اور پراسیسڈ فوڈز سمیت اسنیکس کی مانگ میں واضح اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس صورتحال کو دانشمندی اور حکمت عملی کے ساتھ سنبھالا جائے تو پاکستان نہ صرف اپنی برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے بلکہ خلیجی ممالک کے لیے ایک قابل اعتماد اور طویل المدتی غذائی سپلائر کے طور پر اپنی شناخت بھی قائم کر سکتا ہے، جو ملکی معیشت کے استحکام میں مثبت کردار ادا کرے گا۔ شاہد عمران نے کہا پاکستان کی حلال سرٹیفائیڈ گوشت کی صنعت کو خلیجی منڈیوں میں خاص برتری حاصل ہے کیونکہ وہاں معیار اور مذہبی تقاضوں کی سختی سے پابندی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث روایتی برآمد کنندگان کی سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں خلیجی ممالک متبادل و قابل اعتماد ذرائع کی تلاش میں اور پاکستان اس خلا کو پر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ شاہد عمران نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات پاکستان کے لیے ایک سنہری موقع ہیں، جس سے فائدہ اٹھا کر ملک اپنی فوڈ ایکسپورٹس کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے۔