پاکستان ریلوے نے برطانوی دور کے تاریخی کھیوڑہ ریلوے سٹیشن کو سیاحتی مقام کے طور پر بحال کرنے کے لیے محکمہ آثار قدیمہ پنجاب سے رابطہ کیا ہے
پاکستان ریلوے کا تاریخی کھیوڑہ سٹیشن سیاحت کے لیے بحال کرنے کا منصوبہ،محکمہ آثار قدیمہ پنجاب سے رابطہ کرلیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ریلوے نے برطانوی دور کے تاریخی کھیوڑہ ریلوے سٹیشن کو سیاحتی مقام کے طور پر بحال کرنے کے لیے محکمہ آثار قدیمہ پنجاب سے رابطہ کیا ہے۔ ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق 2011 میں مسافر ٹرین سروس بند ہونے کے بعد سے سٹیشن غیر فعال ہے جس کے باعث اس کی عمارت، پلیٹ فارمز اور متعلقہ ریلوے انفراسٹرکچر خستہ حالی کا شکار ہو چکے ہیں۔چالیسا-کھیوڑہ ریلوے سیکشن اگست 1887 میں کھولا گیا تھا جس کا بنیادی مقصد چٹانی نمک، کوئلے اور دیگر معدنیات کی نقل و حمل میں سہولت فراہم کرنا تھا جبکہ یہ آس پاس کے علاقوں کے مسافروں کو بھی سفری سہولت فراہم کرتا تھا۔ریلوے نے کھیوڑہ اور سالٹ رینج کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا خصوصاً امپیریل کیمیکل انڈسٹریز (آئی سی آئی)اور بعد ازاں لکی کور انڈسٹریز (ایل سی آئی)سمیت مختلف صنعتوں کے قیام اور توسیع میں، تاہم سڑک کے ذریعے نقل و حمل کے بڑھتے استعمال کے باعث 1990 کی دہائی سے ریلوے کے ذریعے مال برداری میں بتدریج کمی آتی گئی۔بالآخر 2011 میں مسافر ٹرین سروس بند ہو گئی اور سٹیشن غیر فعال ہو گیا جس کے نتیجے میں سٹیشن کی عمارت، پلیٹ فارمز اور متعلقہ ریلوے انفراسٹرکچر خستہ حالی کا شکار ہو گئے۔پاکستان ریلوے نے اب تاریخی کھیوڑہ ریلوے سٹیشن کی عمارت کو سیاحتی مقام کے طور پر بحال کرنے کے لیے محکمہ آثار قدیمہ پنجاب سے رابطہ کیا ہے۔







