پاکستان سرمایہ کاری کے حوالے سے انتہائی منافع بخش مارکیٹ کی حیثیت رکھتا ہے، عاطف اکرام شیخ

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کاسی کے تحت منعقدہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق ایک اہم ویبنار میں شرکت کرتے ہوئے رکن ممالک کو ملک میں موجود وسیع سرمایہ کاری مواقع سے آگاہ کیا۔ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کاسی کے تحت منعقدہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق ایک اہم ویبنار میں شرکت کرتے ہوئے رکن ممالک کو ملک میں موجود وسیع سرمایہ کاری مواقع سے آگاہ کیا۔ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک انتہائی منافع بخش مارکیٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مائنز اینڈ منرلز، ڈویلپمنٹ سیکٹر، آئی ٹی، زراعت اور توانائی سمیت متعدد شعبے غیر ملکی سرمایہ کاری کے منتظر ہیں۔عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان کی موجودہ پالیسیاں، سازگار کاروباری ماحول اور بدلتے ہوئے معاشی حالات غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے انتہائی موزوں ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت نے گزشتہ تین سالوں میں معاشی استحکام کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور کاسی باہمی تعاون سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کام کریں گے جبکہ رکن ممالک کے مندوبین کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی گئی۔اپنے خطاب کے اختتام پر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور عالمی امن کے قیام میں بھی ملکی قیادت بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔