پاکستان سمیت دنیا بھر میں اشاروں کی زبان کا عالمی دن منایا گیا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں اشاروں کی زبان کا عالمی دن منایا گیا

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں سماعت سے محروم افراد کے لئے اشاروں کی زبان کا عالمی دن بدھ 23 ستمبر کو منایا گیا ۔اس دن کے منانے کا مقصد سماعت سے محروم افراد کے سماجی حقوق کے تحفظ اور ان کی زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔اشاراتی زبان سے مراد، جسم کے مختلف حصوں مثلاً ہاتھوں، انگلیوں اور کندھوں وغیرہ کی مدد سے گفتگو کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے دسمبر 2017 کی قرارداد کے تحت اس دن کو منانے کا فیصلہ کیا اور اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پہلی مرتبہ 23 ستمبر 2018 کو اشاروں کی زبان کا عالمی دن منایا گیا۔ واضح رہے کہ مغربی ممالک میں 17 ویں صدی سے ہی اشاراتی زبان کی تعلیم کا سلسلہ شروع ہو گیا اور 1620 میں ایک ہسپانوی پادری نے بہرے لوگوں کو اشاروں کی مدد سے تقریر سکھانے کے موضوع پر ایک کتاب بھی تحریر کی تھی لیکن آج انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں ترقی پذیر ممالک اس حوالہ سے بہت پیچھے ہیں۔

ورلڈ فیڈریشن آف دی ڈیف (ڈبلیو ایف ڈی )کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 7.2 کروڑ افراد بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم ہیں جبکہ سماعت سے محروم 80 فیصد افراد کا تعلق ترقی پذیر ممالک سے ہے۔یہ لوگ مجموعی طور پر تقریباً 300 سے زائد زبانوں کی مدد سے اپنی روزمرہ کی زندگی میں گفتگو کرتے ہیں۔

پاکستان میں تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار افراد قوت سماعت و گویائی سے محروم ہیں جو ملک میں موجود معذور افراد کا 7.4 فیصد ہیں۔اس دن کے حوالے سے مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور عام آدمی کو اس حوالہ سے آگاہی فراہم کی گئی۔

مزید خبریں