پاکستان سمیت دنیا بھر میں مساوی اجرت کا عالمی دن منایا گیا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مساوی اجرت کا عالمی دن جمعہ 18 ستمبرکو منایا گیا۔

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں مساوی اجرت کا عالمی دن جمعہ 18 ستمبرکو منایا گیا۔

اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد ایک جیسے یا مساوی قدر کے کام کے لیے خواتین اور مردوں کے لئے مساوی معاوضہ کے اصول کا فروغ اور صنفی اجرت کے فرق کو ختم کرنا ہے۔ اسی طرح یہ دن روزگار کے تمام شعبوں میں صنفی مساوات اور خواتین کے معاشی حقوق کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ عالمی یوم مساوی اجرت کے حوالے سے اقوامِ متحدہ اور اسکا ذیلی ادارہ یو این ویمن دنیا بھر کی حکومتوں اور اداروں سے مساوی اجرت کے وعدوں پر عمل درآمد میں تیزی کے لئے کوشاں ہیں۔

واضح رہے کہ یہ دن ایک جیسے کام کے لیے مساوی اجرت کے حصول کی طویل عرصے سے جاری کوششوں کی عکاسی کرتا ہے اور انسانی حقوق کے لیے اقوام متحدہ کے عزم اور خواتین اور لڑکیوں سے ہر قسم کے امتیاز کے خلاف کوششوں کو بھی تقویت دیتا ہے۔ مساوی اجرت کے عالمی دن کے موقع پر مختلف سرکاری، غیر سرکاری، نجی اور فلاحی اداروں؍ تنظیموں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات؍ پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔