اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پاکستان سمیت دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا عالمی دن ہفتہ 26 ستمبر کو منایا گیا۔ یہ دن عالمی جوہری تخفیفِ اسلحہ کے عزم کا اعادہ کرنے اور جوہری ہتھیاروں سے لاحق خطرات اور ان کے مکمل خاتمے کی ضرورت سے متعلق آگاہی بڑھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہفتے کو جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا عالمی دن منایا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پاکستان سمیت دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا عالمی دن ہفتہ 26 ستمبر کو منایا گیا۔ یہ دن عالمی جوہری تخفیفِ اسلحہ کے عزم کا اعادہ کرنے اور جوہری ہتھیاروں سے لاحق خطرات اور ان کے مکمل خاتمے کی ضرورت سے متعلق آگاہی بڑھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یواین جنرل اسمبلی نے قرارداد 68/32 کے تحت اس دن کو منانے کا فیصلہ کیا تھا جس کا مقصد جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کی عالمی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔
دنیا بھر میں 26 ستمبر 2014 کو پہلی مرتبہ عالمی سطح پر یہ دن منایا گیا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے اس دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بڑھتی کشیدگی، باہمی عدم اعتماد، فوجی مسابقت اور جوہری ہتھیاروں کی جدید کاری عالمی خطرات میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے جوہری تخفیف اسلحہ اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے سفارت کاری اور بین الاقوامی کوششیں تیز کرنے پر بھی زور دیا۔
سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی 2026 کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2026 میں دنیا کے 9 جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک کے پاس مجموعی طور پر تقریباً 12 ہزار 187 جوہری وارہیڈز موجود ہیں جن میں سے تقریباً 9 ہزار 745 فوجی ذخائر میں شامل ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق ان تمام ممالک نے گزشتہ سال 2025 میں اپنے جوہری ہتھیاروں کو جدید بنانے کے پروگرام جاری رکھے۔اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ جوہری تخفیف اسلحہ عالمی سطح پر ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔







