پاکستان سمیت دنیا بھر میں (کل ) 27 ستمبر اتوار کو عالمی یوم سیاحت منایا جائے گا۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیاحت سے متعلق مختلف سرگرمیوں اور آگاہی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن کا مقصد سماجی و اقتصادی ترقی، ثقافتی فروغ اور معاشرتی بہبود میں سیاحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں 27 ستمبر کو عالمی یوم سیاحت منایا جائے گا

مزید خبریں
اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں (کل ) 27 ستمبر اتوار کو عالمی یوم سیاحت منایا جائے گا۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیاحت سے متعلق مختلف سرگرمیوں اور آگاہی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن کا مقصد سماجی و اقتصادی ترقی، ثقافتی فروغ اور معاشرتی بہبود میں سیاحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔اس موقع پرپاکستان کے قدرتی حسن،ثقافتی ورثے اور تاریخی اثاثوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ذمہ دارانہ اور پائیدارسیاحت کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ملک کےمختلف حصوں میں سرکاری و نجی شعبے کی جانب سے منعقد کی جانے والی سرگرمیوں میں سیاحتی آگاہی، کمیونٹی کی شمولیت، ثقافتی ورثے کے تحفظ، ماحولیاتی ذمہ داری اور ملکی سیاحت کے فروغ کو اجاگر کیا جائے گا۔
اس موقع پر نیشنل کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیاحت روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ، مقامی کاروباروں کی معاونت اور علاقائی ترقی کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے بہتر سیاحتی انفراسٹرکچر، معیاری خدمات، نجی شعبے کی مؤثر شمولیت اور ذمہ دارانہ سیاحتی طریقہ کار ضروری ہیں۔سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے کہا کہ سیاحت بالخصوص نوجوانوں،خواتین اور سیاحتی مقامات پر آباد مقامی کمیونٹیز کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسابقتی، جامع اور پائیدار سیاحتی صنعت کے فروغ کے لیے وفاقی حکومت،صوبائی و علاقائی سیاحتی اداروں، نجی شعبے اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان مضبوط رابطہ کاری ضروری ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) آفتاب الرحمٰن رانا نے کہا کہ پاکستان کے متنوع قدرتی مناظر، ثقافتی ورثہ، مہم جوئی کےمواقع، مذہبی مقامات اور روایتی مہمان نوازی سیاحت کے فروغ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی سیاحتی مقامات کےفروغ، استعداد کار میں اضافے، سیاحتی معیار کی بہتری اورملکی و بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔انہوں نے پی ٹی ڈی سی کے قومی مرکزِ امتیاز برائے سیاحت کے طور پر بدلتے ہوئے کردار کو بھی اجاگر کیا جو قومی سطح پر رابطہ کاری،تحقیق، استعداد کار میں اضافے، معلومات کے تبادلے اور بین الاقوامی بہترین طریقہ کار اپنانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔
پی ٹی ڈی سی قومی و بین الاقوامی سیاحتی تقریبات اور نمائشوں کے فروغ و سہولت کاری، ’برانڈ پاکستان‘ کو مضبوط بنانے، سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک کی حوصلہ افزائی اور پاکستان کو ایک مسابقتی، پائیدار اور ذمہ دار سیاحتی مقام کے طور پر اجاگر کرنے کے اقدامات کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے۔ملک بھر میں عالمی یوم سیاحت کی سرگرمیاں اس پیغام کو مزید اجاگر کریں گی کہ سیاحت کی ترقی کے ساتھ ساتھ معاشی مواقع پیدا کرنا اور ملک کے قدرتی ماحول، ثقافتی ورثے اور مقامی روایات کا تحفظ بھی ضروری ہے۔







