پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈکمپنیوں کے مجموعی منافع میں 9ماہ کے دوران 8.8فیصداضافہ

اکستان سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈکمپنیوں کے مجموعی منافع میں جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سالانہ بنیادوں پر8.8فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاہے

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈکمپنیوں کے مجموعی منافع میں جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سالانہ بنیادوں پر8.8فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔کمپنیوں کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ مالیاتی بیانات اورعارف حبیب ریسرچ کے مطابق مالی سال کے پہلے 9ماہ میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈکمپنیوں کو1243.30ارب روپے کاخالص منافع حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1142.36ارب روپے کے مقابلہ میں 8.8فیصدزیادہ ہے۔مالی سال کی تیسری سہ ماہی (جنوری تامارچ2026) کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈکمپنیوں کے مجموعی خالص منافع کاحجم 456.52ارب روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 371.82ارب روپے کے مقابلہ میں 22.8فیصدزیادہ ہے۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 9ماہ میں بینکوں کومجموعی طورپر483.91ارب روپے کابعدازٹیکس منافع حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 472.08ارب روپے کے مقابلہ میں 3فیصدزیادہ ہے،تیسری سہ ماہی میں بینکوں کے خالص منافع کاحجم 169.98ارب روپے رہا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 165.95ارب روپے کے مقابلہ میں دو فیصدزیادہ ہے، مالی سال کے پہلے 9ماہ میں کھادساز کمپنیوں کے مجموعی خالص منافع کاحجم 108.66ارب روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 112.35ارب روپے کے مقابلہ میں 3فیصدکم ہے،تیسری سہ ماہی میں کھادسازکمپنیوں کامنافع 27.90ارب روپے ریکارڈکیاگیا، تیل تلاش اورپیداکرنے والی کمپنیوں کومالی سال کے پہلے 9ماہ میں 226.03ارب روپے کامنافع حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 248.61ارب روپے کے مقابلہ میں 9فیصدکم ہے،اسی طرح مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سیمنٹ سازکمپنیوں کے مجموعی منافع کاحجم 64.50ارب روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 60.48ارب روپے کے مقابلہ میں 7فیصدزیادہ ہے ۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 9ماہ میں پاورکمپنیوں کے مجموعی منافع کاحجم 36.23ارب روپے رہا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 34.54ارب روپے کے مقابلہ میں 5فیصدزیادہ ہے،اس مدت میں آٹوکمپنیوں کومجموعی طورپر48.45ارب روپے کی خالص آمدنی ہوئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 38.66ارب روپے کے مقابلہ میں 25فیصدزیادہ ہے،آئل اینڈگیس مارکیٹنگ کمپنیوں کومالی سال کے پہلے 9ماہ میں 63.15ارب روپے کی آمدنی ہوئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 40.148ارب روپے کے مقابلہ میں 58فیصدزیادہ ہے۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 9ماہ میں فارماکمپنیوں کے منافع میں سالانہ بنیادوں پر36فیصد،خوراک 17فیصد،ٹیکسٹائل 146فیصد،اورریفائنریز کے منافع میں 355فیصدکااضافہ ہواہے۔