"پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا شاندار آغاز، کے ایس ای-100 انڈیکس نئی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ۔”
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کا روباری ہفتہ کے آغاز پر تیزی کا رحجان، 100 انڈیکس 2082.49 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 187454.69 پوائنٹس پر بند

مزید خبریں
اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں پیر کو کاروباری ہفتہ کے آغاز پر تیزی کا رحجان رہا اور کے ایس ای100 انڈیکس 2082.49 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 187454.69 پوائنٹس پر بند ہوا جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
مجموعی طور پر 564 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا،296 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،182 کی قیمتوں میں کمی اور 86 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا، مارکیٹ میں مجموعی طور پر 888.40 ملین حصص کا لین دین ہوا جن کی مالیت 49.98 ارب روپے تھی۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 725.92 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 56130.40 پوائنٹس اور اسلامی مالیات کا حامل کے ایم آئی 30 انڈیکس 3102.82 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 265688.76 پوائنٹس پر بند ہوا۔ فیوچر ٹریڈنگ کے تحت 9.27 ارب روپے کے سودے طے پائے،مارکیٹ کیپٹلائزیشن 1.1 فیصدکے اضافہ کے بعد 75.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ۔اقتصادی ماہرین کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کا آغاز اسی بھرپور انداز میں ہواہے جہاں گزشتہ جمعہ کو اختتام ہوا تھا۔ سرمایہ کا روں کے اعتماد میں مسلسل بہتری دیکھنے میں آئی جبکہ بینکنگ، سیمنٹ، توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں وسیع پیمانے پر خریداری کی وجہ سے مارکیٹ کی تیزی برقراررہی ، ہفتے کے پہلے ہی روز مارکیٹ کی یہ مضبوط کا رکردگی اس امر کی عکاس ہے کہ سرمایہ کا روں کا اعتماد بدستور برقرار ہے اور مارکیٹ میں مثبت رجحان مضبوط بنیادوں پر قائم ہے بڑے مالیاتی اداروں کی جارحانہ خریداری نے مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کو مزید مضبوط کیا ہے جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس نے اپنی ریکارڈ ساز پیش قدمی جاری رکھی۔ حبیب بینک ، میزان بینک ، نیشنل بینک ، لکی سیمنٹ اور ماڑی انرجیز کے حصص نے انڈیکس میں اضافے میں سب سے نمایاں کردار ادا کیا جس کی وجہ سے مجموعی طور پر انڈیکس میں 827 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ حجم کے اعتبار سے ٹی پی ایل پر ا پر ٹیز سرفہرست رہی جس کے 6 کروڑ 60 لاکھ سے زائد حصص کا کاروبار ہوا۔








