صوبائی وزیر لائیواسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی نے امید ظاہر کی ہے کہ یورپی یونین کے آئندہ دورہ پاکستان کے بعد مچھلی کی برآمد پر عائد پابندی ختم ہو جائے گی، جس سے ملک کو کثیر زرِ مبادلہ حاصل ہوگا
پاکستان سے مچھلی کی ایکسپورٹ پر عائد پابندی ختم ہونے کا امکان

مزید خبریں
کراچی۔13مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر لائیواسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی نے امید ظاہر کی ہے کہ یورپی یونین کے آئندہ دورہ پاکستان کے بعد مچھلی کی برآمد پر عائد پابندی ختم ہو جائے گی، جس سے ملک کو کثیر زرِ مبادلہ حاصل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں فشریز ہاربر اتھارٹی اور فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کے ایک مشترکہ اجلاس کے دوران کیا۔ یہ اجلاس یورپی یونین کے اس وفد کے دورے کے انتظامات کے حوالے سے بلایا گیا تھا جو کراچی فشریز ہاربر اور ایف سی ایس کے مختلف حصوں کا معائنہ کرے گا۔
یہ وفد اس بات کا جائزہ لے گا کہ مچھلی کی برآمدات کے لیے کی گئی تیاریاں یورپی یونین کی فراہم کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق ہیں یا نہیں۔ ان تمام ممکنہ تیاریوں کی جانچ پڑتال کے بعد یورپی یونین اپنی رپورٹ میں پاکستان کو مچھلی برآمد کرنے کی اجازت دے گی۔ اجلاس میں سندھ کے صوبائی سیکریٹری لائیوسٹاک اینڈ فشریز ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی، چیئرپرسن فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی فاطمہ مجید، مینجنگ ڈائریکٹر کراچی فشریز ہاربر اتھارٹی زاہد حسین کھیمٹیو، ڈی ایس اسٹاف محمد عمران اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔








