پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا مدارس کے بینک اکاؤنٹس کا مسئلہ حل ہونے پر اظہارِ تشکر

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے اور اسلام آباد میں بینکوں نے مدارس کے اکاؤنٹس کھولنے کا عمل شروع کر دیا ہے

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے اور اسلام آباد میں بینکوں نے مدارس کے اکاؤنٹس کھولنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

بدھ کو پیشرفت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دینی مدارس کا دیرینہ مطالبہ بالآخر پورا ہوگیا ہے۔انہوں نے متحدہ مدارس کونسل کے علماء و مشائخ ڈاکٹر عاصم میر، مولانا زبیر فہیم، مفتی کریم خان اور مفتی یوسف کشمیری، متحدہ جمعیت اہلحدیث کے امیر سید ضیاء اللہ شاہ بخاری اور وفاق المدارس والجامعات کے نمائندگان مولانا طاہر عقیل اور مولانا قاسم قاسمی کے ہمراہ ایم سی بی بینک کی ایک شاخ کا دورہ کیا جہاں دینی مدارس کے اکاؤنٹس کھولنے کے عمل کا جائزہ لیا اور پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لئے ان کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے یہ پیشرفت ممکن ہوئی ہے۔انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ریلیجیس ایجوکیشن (ڈی جی آر ای) کی جانب سے عمل کو آگے بڑھانے اور فیصلے پر عملدرآمد میں معاونت پر بھی ان کی کاوشوں کو سراہا