پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن (پی پی اے) نے مریضوں کی دیکھ بھال اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں فارماسسٹس کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرنے کے لیےعالمی یومِ فارماسسٹس کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا
پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام عالمی یومِ فارماسسٹس کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن (پی پی اے) نے مریضوں کی دیکھ بھال اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں فارماسسٹس کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرنے کے لیےعالمی یومِ فارماسسٹس کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) میں پی پی اے اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر فارماسسٹس، شعبہ صحت کے ماہرین اور پی پی اے کے نمائندے بھی موجود تھے۔شرکاء نے محکمہ صحت اسلام آباد کی جانب سے حال ہی میں جاری کیے گئے اس نوٹیفکیشن کو سراہا جس کا مقصدڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان ایکٹ کے مطابق فارمیسی خدمات کا نفاذ کرنا ہے۔انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں فارمیسی خدمات کو مستحکم کرنے کے لیے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات کی تعریف کی۔پی پی اے اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے صدر خاکان بابر اور سیکرٹری ڈرگ کنٹرول ونگ و سینئر نائب صدر پی پی اے سردار شبیر احمد نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فارمیسی خدمات کے نفاذ سے مریضوں کی دیکھ بھال میں فارماسسٹس کا کردار مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات میں فارمیسی کی اہم خدمات شامل ہیں جن میں مریضوں کی مشاورت (کونسلنگ)، نسخوں کا جائزہ، ادویات کی فراہمی (ڈسپنسنگ) اور فارماکو ویجیلنس (ادویات کے اثرات کی نگرانی) شامل ہیں، جو محض معائنے اور لائسنسنگ پر مرکوز نظام سے آگے بڑھ کر ایک جامع نظام کی عکاسی کرتے ہیں۔ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول نے عالمی یومِ فارماسسٹس کے سلسلے میں کیک کاٹنے کی تقریب میں بھی شرکت کی اور صحت کی دیکھ بھال اور عوامی بہبود کے لیے فارماسسٹس کی خدمات کا اعتراف کیا۔ پی پی اے کے اراکین نے فارمیسی خدمات کو بہتر بنانے اور عوام کے لیے صحت کی دیکھ بھال کے بہتر نتائج کو یقینی بنانے کے مقصد سے کی جانے والی اصلاحات کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔عالمی یومِ فارماسسٹس 2026 کا انعقاد ایک صحت مند مستقبل کے لیے فارماسسٹس کو بااختیار بنانا، کے موضوع کے تحت کیا جا رہا ہے۔







