لاہور۔11مارچ (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کا اعلی سطح کا وفد چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں بدھ کے روز ایک ہفتہ کے دورے پر سنگاپور روانہ ہو گیا جس کا مقصد پاکستانی فرنیچر کی برآمدات میں اضافے کے نئے مواقع تلاش کرنا اور فرنیچر کی تیاری کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔پاکستان فرنیچر کونسل کے مطابق دورے کے دوران وفد سنگاپور کی …
پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد سنگا پور کے دورے پر روانہ
لاہور۔11مارچ (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کا اعلی سطح کا وفد چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں بدھ کے روز ایک ہفتہ کے دورے پر سنگاپور روانہ ہو گیا جس کا مقصد پاکستانی فرنیچر کی برآمدات میں اضافے کے نئے مواقع تلاش کرنا اور فرنیچر کی تیاری کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔پاکستان فرنیچر کونسل کے مطابق دورے کے دوران وفد سنگاپور کی معروف فرنیچر کمپنیوں،درآمد کنندگان،ڈیزائنرز اور تجارتی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کرے گا۔ان ملاقاتوں میں جدید فرنیچر سازی،جدید ڈیزائنز اور جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی کے حوالے سے باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وفد کی جانب سے سنگاپور کی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کے فرنیچر سیکٹر میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کی دعوت بھی دی جائے گی۔اس کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کی منتقلی،پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور فرنیچر کی عالمی معیار کے مطابق تیاری جیسے امور بھی زیر غور آئیں گے۔میاں کاشف اشفاق پاکستان کے فرنیچر شعبے کی خصوصیات کو اجاگر کریں گے،جن میں اعلی معیار کے خام مال کی دستیابی، ہنر مند کاریگروں کی موجودگی اور نسبتا کم پیداواری لاگت شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرنیچر سازی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور عالمی منڈی میں اس کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس دورے سے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان دوطرفہ تجارتی روابط مزید مضبوط ہوں گے،فرنیچر کی مصنوعات کے معیار میں بہتری آئے گی اور ملک میں نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
یہ دورہ پاکستان کے فرنیچر سیکٹر کو عالمی مارکیٹ میں متعارف کرانے اور ملکی برآمدات بڑھانے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے۔اس اقدام سے نہ صرف فرنیچر انڈسٹری کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان کی عالمی فرنیچر مارکیٹ میں موجودگی بھی مزید مستحکم ہو گی۔









