پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز شعبے کو مزید ترقی دینے جا رہے ہیں،ہارون اختر خان

وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز کے شعبے کو مزید ترقی دینے جا رہے ہیں،آٹو پارٹس کی صنعت ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،مقامی صنعت کو مزید مستحکم بنانے سے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لاہور ایکسپو سینٹر میں جاری پاکستان آٹو پارٹس شو 2026 کے موقع …

لاہور۔18ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز کے شعبے کو مزید ترقی دینے جا رہے ہیں،آٹو پارٹس کی صنعت ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،مقامی صنعت کو مزید مستحکم بنانے سے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لاہور ایکسپو سینٹر میں جاری پاکستان آٹو پارٹس شو 2026 کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت صنعتی شعبے کے فروغ،مقامی پیداوار میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے،پاکستان میںصرف الیکٹرک گاڑیاں اسمبل نہیں کریں گے بلکہ ان کے پارٹس بھی ملک میں بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی مینوفیکچررز صرف ملکی نہیں بلکہ عالمی مارکیٹ کے لیے گاڑیاں بنائیں،اس کے لیے کام کر رہے ہیں،دنیا کی سستی ترین گاڑی بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔ہارون اختر خان نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ برانڈز کی آمد سے ایک جانب مقابلہ بڑھے گا تو دوسری جانب روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ آٹو پارٹس مینوفیکچررز پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،یہ شعبہ لاکھوں لوگوں کو روزگار فراہم کر رہا ہے۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز کے شعبے میں 124 موٹر سائیکل لائسنس جاری ہو چکے ہیں جبکہ الیکٹرک وہیکلز کے شعبے میں مزید کمپنیاں لائسنس حاصل کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آٹو صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے،چالیس سال پہلے تین فیکٹریاں تھیں، اب 15 فیکٹریز ہیں،جو 53 برانڈز کی کاریں تیار کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ ہائی برڈ الیکٹراک گاڑیوں کی طرف زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ پاکستان میں سستی گاڑیاں تیار ہوں۔بعد ازاں انہوں نے آٹوپارٹس شو کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام سے بریفنگ لی۔