پاکستان میں بین الاقوامی تجارتی نمائشوں اور عالمی ایونٹس کے انعقاد سے تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی سرگرمیوں اور بین الاقوامی کاروباری روابط کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
پاکستان میں عالمی ایونٹس کے انعقاد سے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کا فروغ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں بین الاقوامی تجارتی نمائشوں اور عالمی ایونٹس کے انعقاد سے تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی سرگرمیوں اور بین الاقوامی کاروباری روابط کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
ایس آ ئی ایف سی کے مطابق لاہور ایکسپو سینٹر میں فوڈ ایشیا، بیوٹی ایشیا اور پلاسٹک پیکیجنگ پرنٹ ایشیا 2026 کے تین روزہ بین الاقوامی ایونٹس کامیابی سے منعقد ہوئے ، جن میں تقریباً 250 ملین ڈالر کی کاروباری سرگرمیوں کے مواقع پیدا ہوئے۔ایونٹس میں 65 ہزار سے زائد تجارتی افراد جبکہ 15 ممالک سے 150 غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی، جس سے پاکستان کی تجارتی اور صنعتی صلاحیتوں کو عالمی کاروباری برادری کے سامنے اجاگر کرنے میں مدد ملی۔
ایس آئی ایف سی کی اسٹریٹجک معاونت سے منعقد ہونے والے ان عالمی ایونٹس نے ملکی و غیر ملکی کاروباری اداروں کے درمیان روابط، سرمایہ کاری کے مواقع اور مشترکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔فوڈ ایشیا 2026 میں فوڈ، ہاسپٹیلٹی، فوڈ پروسیسنگ، پیکیجنگ اور ڈسٹری بیوشن کے شعبوں سے وابستہ کاروباری اداروں نے شرکت کی جبکہ پلاسٹک پیکیجنگ پرنٹ ایشیا 2026 میں جدید مشینری، ٹیکنالوجی اور صنعتی حل کے ذریعے پاکستان کے مینوفیکچرنگ شعبے میں موجود مواقع کو اجاگر کیا گیا۔
اسی طرح بیوٹی ایشیا 2026 نے کاسمیٹکس، پرسنل کیئر اور ویلنس کے شعبوں میں کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور نئی شراکت داریوں کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا۔ایس آئی ایف سی کی اسٹریٹجک سپورٹ کے ذریعے پاکستان میں بین الاقوامی کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کا عمل مزید مستحکم ہو رہا ہے، جبکہ عالمی تجارتی ایونٹس ملکی مصنوعات اور صنعتی صلاحیتوں کو بین الاقوامی منڈیوں تک متعارف کرانے کا مؤثر ذریعہ بن رہے ہیں۔







