پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری شراکت داری کے وسیع مواقع ہیں،پاکستان اور امریکاکے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سفارت خانے کی کوششوں کو سراہا،رضوان سعید شیخ

پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری شراکت داری کے وسیع مواقع ہیں،پاکستان اور امریکاکے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سفارت خانے کی کوششوں کو سراہا،رضوان سعید شیخ

سان فرانسسکو۔17اکتوبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری شراکت داری کے وسیع مواقع ہیں،امریکا اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی روابط سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستانی نژاد امریکی برادری آگے بڑھ کر کردار ادا کرے۔ ہفتہ کو واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے سفیر نے گریٹر سان فرانسسکو بے ایریا میں پاکستانی کمیونٹی کی تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں گریٹر سان فرانسسکو بے ایریا کی اہم پاکستانی نژاد امریکی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

کمیونٹی کے نمائندوں نے پاکستانی سفیر کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور امریکاکے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سفارت خانے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے علاقے میں پاکستانی نژاد امریکی برادری کو قونصلر خدمات کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے پر لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل کا بھی شکریہ ادا کیا۔پاکستانی نژاد امریکی برادری کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے پاکستان اور امریکاکے درمیان پل کا کردار ادا کرنے میں کمیونٹی کی منفرد اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے پاکستان اور امریکا کے دیرینہ اور اہم تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان روابط کو مضبوط بنانے میں پاکستانی نژاد امریکی برادری کی نمایاں خدمات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری شراکت داری کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں موجودہ مثبت پیش رفت سے پیدا ہونے والے مواقع کو دونوں ممالک کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعاون میں تبدیل کرے۔

رضوان سعید شیخ نے پاکستانی نژاد امریکی برادری کے اپنے وطن پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلق کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت کو اجاگر کرنے، مستقبل پر مبنی اور پائیدار شراکت داریوں کو فروغ دینے اور دوطرفہ تجارت وبالخصوص آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے اپنے پیشہ ورانہ اور کاروباری روابط کو بروئے کار لائے۔

رضوان سعید شیخ نے پاکستان اور امریکا کے کاروباری حلقوں کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لیے سفارت خانے کی جانب سے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کمیونٹی کے ارکان کو کہا کہ وہ پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں۔

مزید خبریں