پاکستان میں ناردرن لوپ ٹورازم سرکٹ متعارف کرانا چاہیے، شاہد عمران
پاکستان میں ناردرن لوپ ٹورازم سرکٹ متعارف کرانا چاہیے، شاہد عمران

مزید خبریں
لاہور۔10مئی (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے فوڈ کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سیاحت کے نقشے پر نمایاں کرنے کے لیے ناردرن لوپ کے نام سے ایک منفرد روڈ سرکٹ متعارف کرانا چاہیے۔اتوار کو یہاں سیاحوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مجوزہ سیاحتی روٹ اسلام آباد سے شروع ہو کر چلاس، گلگت اور ہنزہ سے گزرتے ہوئے دنیا کے بلند ترین پہاڑی راستے خنجراب پاس تک پہنچے گا اور بعد ازاں مختلف وادیوں اور شاہراہوں کے ذریعے دوبارہ اسلام آباد سے منسلک ہو جائے گا،جس میں قراقرم ہائی وے مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔
شاہد عمران نے کہا کہ یہ روٹ پاکستان کو ایک عالمی ایڈونچر ٹورازم ہب میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،جہاں سیاح برف پوش پہاڑوں،گلیشیئرز، دریائوں اور قدیم پہاڑی ثقافت سے بھرپور مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ شمالی علاقوں میں روزگار کے ہزاروں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جدید انفراسٹرکچر،ماحول دوست ریزورٹس،ایمرجنسی سروسز اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے ساتھ یہ روٹ پاکستان کا ایک مضبوط بین الاقوامی ٹورازم برانڈ بن سکتا ہے۔








