پاکستان میں کیمیکلز کے شعبہ کی مارکیٹ کا حجم 14 ارب ڈالرسالانہ سے زیادہ ہے، کیمیکلزکی 56 فیصد مقامی طلب درآمدات کے ذریعہ پوری کی جارہی ہے
پاکستان میں کیمیکلز کے شعبہ کی مارکیٹ کا حجم 14 ارب ڈالرسالانہ سے زیادہ ہے، پی سی ایم اے

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں کیمیکلز کے شعبہ کی مارکیٹ کا حجم 14 ارب ڈالرسالانہ سے زیادہ ہے، کیمیکلزکی 56 فیصد مقامی طلب درآمدات کے ذریعہ پوری کی جارہی ہے۔ بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ کی شرح نمو کے تناظرمیں کیمیکلز کی مارکیٹ 20 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھنے کی استداد رکھتی ہے۔ پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ( پی سی ایم اے) کے مطابق کیمیکلز کا شعبہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں 3 تا 4 فیصد تک کا شراکت دار ہے۔ جی ڈی پی سے شراکت داری کے ساتھ ساتھ کیمیکلز کا شعبہ بالواسطہ لاکھوں روزگار کے مواقع بھی فراہم کررہا ہے۔ پی سی ایم اے کے مطابق ایک پیٹرو کیمیکل صنعت کی مربوط ویلیو چین ایک لاکھ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کررہی ہے اور اس کے علاوہ ذیلی صنعتوں کی 50 ارب ڈالر سالانہ کی پیداوار میں بھی شراکت دار ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق کیمیکلز کی صنعت دیگر مختلف صنعتوں کی پیداوار کے لئے خام مال کی فراہمی کا بنیادی ذریعہ ہے جن میں ادویہ سازی ، آٹوموبائلز، ٹیکسٹائلز، فرنیچر، پینٹس، پیپر، الیکٹرانکس اور دیگر صنعتیں شامل ہیں۔ پی سی ایم اے کے حکام نے کہا ہے کہ پیٹرو کیمیکلز کی صنعت میں سرمایہ کاری سے ملکی پیداوار کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے درآمدات میں کمی کے نتیجہ میں قیمتی زرمبادلہ کی بچت کے ساتھ ساتھ قومی معاشی استحکام میں بھی مدد ملے گی.







