پاکستان میں ہرانسان کے یکساں سماجی،معاشی و سیاسی حقوق ہیں،اقلیتوں کو کوٹہ کے مطابق نمائندگی ملنی چاہیے،وزیرخارجہ بلاول بھٹوکا اقلیتی کنونشن سےخطاب

بلاول بھٹو زرداری کی بلوچستان سمیت پوری قوم کو یومِ بلوچ ثقافت کی مبارکباد

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں رہنے والے ہر انسان کے یکساں سماجی، معاشی و سیاسی حقوق ہیں، ہمیں قائداعظم کا پاکستان بنانے کے لئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں، ہمارے اقدامات سے ظاہر ہوگا کہ ہم مساوات پر مبنی پاکستان چاہتے ہیں، مذہب کی جبری تبدیلی کی اسلام اور آئین اجازت نہیں دیتا، اقلیتوں کو کوٹہ کے مطابق نمائندگی ملنی چاہیے، ہمیں قانون سازی کے ساتھ ساتھ عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔

جمعرات کو دستور ساز اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہونے والے اقلیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ قومی اسمبلی میں یہ دن منانے کا موقع فراہم کرنا اچھا اقدام ہے، پاکستان میں رہنے والے ہر انسان کے یکساں سماجی، معاشی و سیاسی حقوق ہیں، یہ ہمارے آئین و قانون اورمنشور کا حصہ ہے، یہ دن ہر سال منانے کا فیصلہ ہمارے دور حکومت میں کیا گیا،

ہمیں اپنے عوام کےحقوق کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کی جبری تبدیلی کی اسلام اور آئین اجازت نہیں دیتا، اقلیتوں کو کوٹہ کے مطابق نمائندگی ملنی چاہیے، ہمیں قانون سازی کے ساتھ ساتھ عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا، انہوں نے کہا کہ ہم تمام اقلیتوں کو نمائندگی دیتے ہیں، ہم مخصوص نشستوں کے علاوہ جنرل نشستوں پر بھی اقلیتوں کو نمائندگی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے شہباز بھٹی، کرشنا کوہلی کو نمائندگی دی، سندھ کابینہ میں غیر مسلم پاکستانیوں کو نمائندگی حاصل ہے، عوام کو سماجی، سیاسی و معاشی مساوات پر مبنی نمائندگی کے لئے ہمیں اقدامات کرنا ہوں گے، یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کا وعدہ تھا جو ہم پورا کریں گے۔