پاکستان نے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اپنے دو شہریوں کے قتل پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ،ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اپنے دو شہریوں کے قتل پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اپنے دو شہریوں کے قتل پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے جبکہ واضح کیا گیا کہ پاکستان جاں بحق افراد کو ”درانداز“ قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے بھارت ،بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنائے اور متعلقہ دو طرفہ انتظامات اور مسلمہ سرحدی طریقہ کار کی سختی سے پابندی کرے۔

ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ میں بھارتی ناظم الامور کو طلب کیا گیا تاکہ بین الاقوامی سرحد کے بیدیاں سیکٹر میں 2 اکتوبر 2026 کے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کی جانب سے دو پاکستانی شہریوں کے قتل پر پاکستان کا شدید احتجاج درج کرایا جا سکے۔بی ایس ایف کے اہلکاروں نے غیر مسلح شہریوں کے خلاف بلا اشتعال مہلک طاقت کا استعمال کیا۔ترجمان نے کہا کہ طاقت کا یہ استعمال قطعی طور پر غیر ضروری اور انتہائی غیر متناسب تھا جس کے نتیجے میں دو قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان جا ں بحق ہونے وانے والے افراد کو ”درانداز“ قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے، اس بات پر زور دیا گیا کہ یہ واقعہ بنیادی انسانی حقوق، بشمول زندگی کے حق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور بین الاقوامی قانون کے تحت شہری زندگی کے تحفظ سے متعلق سنگین خدشات پیدا کرتا ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارت سے کہا گیا کہ وہ اس واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کرے، ذمہ دار افراد کے خلاف مناسب تادیبی اور قانونی کارروائی کرے اور پاکستان حکومت کو تحقیقات کے نتائج اور کی گئی کارروائی سے باضابطہ طور پر آگاہ کرے۔ترجمان کے مطابق بھارت سے مزید کہا گیا کہ وہ بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنائے، متعلقہ دو طرفہ انتظامات اور مسلمہ سرحدی طریقہ کار کی سختی سے پابندی کرے، ایسے حالات سے نمٹنے میں انتہائی ضبط سے کام لے اور ایسے واقعات کے دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔