پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کا بین الاقوامی سطح پر ایکسپو کا انعقادخوش آئند ہے، عاشق حسین کرمانی

لاہور۔23اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر لائیوسٹاک وزراعت سید عاشق حسین کرمانی نے ایکسپوسینٹر لاہور میں انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو 2025کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عثمان طاہر اور ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر سجاد حسین کشفی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے ایکسپو میں قائم مختلف بین الاقوامی، ملٹی نیشنل اور مقامی کمپنیوں کے اسٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا اور منتظمین کی کاوشوں کو …

لاہور۔23اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر لائیوسٹاک وزراعت سید عاشق حسین کرمانی نے ایکسپوسینٹر لاہور میں انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو 2025کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عثمان طاہر اور ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر سجاد حسین کشفی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے ایکسپو میں قائم مختلف بین الاقوامی، ملٹی نیشنل اور مقامی کمپنیوں کے اسٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ صوبائی وزیر لائیوسٹاک و زراعت نے کہا کہ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر اس کامیاب ایکسپو کا انعقاد نہایت خوش آئند ہے، جس نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کر کے سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولٹری انڈسٹری پاکستان کے نجی شعبے کی ایک روشن مثال ہے، جس نے اپنی محنت، جدید ٹیکنالوجی اور معیار کے بل بوتے پر نہ صرف ملکی ضروریات پوری کی ہیں بلکہ انڈوں اور مرغی کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر نے چیئرمین عبدالباسط اور غلام خالق سمیت تمام منتظمین کو شاندار انتظامات پر مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک اور حکومت پنجاب پولٹری سیکٹر کے ساتھ کھڑی اور اس صنعت کے فروغ کے لیے سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے چکن فیڈ اور گرین کی بلا تعطل فراہمی کے لیے وفاقی حکومت سے کامیاب روابط استوار کیے ہیں، محکمہ لائیوسٹاک ایف ایم ڈی فری زونز کے قیام، مقامی ویکسیئن کی تیاری، بریڈ امپرومنٹ پروگرامز، اور لائیوسٹاک کارڈ جیسے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کر رہا ہے تاکہ فارمرز کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزیر لائیوسٹاک نے کہا کہ پولٹری سیکٹر کی ترقی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے اس صنعت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔