پاکستان پولیو کے موذی مرض کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ بھرپور انداز میں جاری رکھے گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا انسدادِ پولیوکےعالمی دن کے موقع پر پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آج عالمی یومِ انسداد پولیو پر اقوام عالم کے ساتھ مشترکہ عزمِ پختہ کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ اس موذی مرض کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان …

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آج عالمی یومِ انسداد پولیو پر اقوام عالم کے ساتھ مشترکہ عزمِ پختہ کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ اس موذی مرض کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لئے یہ دن خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ہم ان چند ممالک میں شامل ہیں جو اس مرض کے مکمل انسداد کا ہدف حاصل کرنے کے لئے ابھی تک کوشاں ہیں۔

اس سال عالمی یومِ انسدادِ پولیو ’’ایک دن، ایک مقصد: پولیو کا مکمل خاتمہ‘‘ کے زیر عنوان منایا جا رہا ہے۔ یہ موضوع اس خطرناک بیماری کےخلاف مشترکہ کاوشوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی و صوبائی اور ضلعی حکومتوں اور انتظامیہ کے تمام متعلقہ ادارے اپنے قابل قدر بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے انسدادِ پولیو مشن پر پوری مستعدی سے کاربند ہے، اس مقصد کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں پولیو وائرس کے انسداد اور پھیلائو کی روک تھام اور شہریوں میں بچائو کی تدابیر و آگاہی میں فرنٹ لائن ورکرز کلیدی حیثیت رکھتے ہیں،پاکستان میں انسدادِ پولیو مشن میں چار لاکھ سے زائد بشمول 60 فیصد خواتین فرنٹ لائن ورکرز فرائض سر انجام دے رہی ہیں، فرنٹ لائن ورکرز کی محنت، لگن، جرأت و بہادری اور انتھک خدمات قابلِ تحسین ہیں، آج پوری قوم فرض کی انجام دہی میں شہید ہونے والےفرنٹ لائن ورکرز کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، یہ کارکنان اعلیٰ ترین سطح پر اعترافِ خدمات اور بھرپور معاونت کے مستحق ہیں،دشوار گزار راستوں اور سکیورٹی خدشات کے باوجود فرنٹ لائن ورکرز اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے ہر بچے تک پولیو ویکسین کی فراہمی اور باآسانی رسائی یقینی بنانا قوم اور حکومت کا اولین ہدف ہے، سماجی آگاہی اور پولیو ویکسین کے استعمال پر خاندانی رضامندی کے لئے معاشرے میں اثر و رسوخ رکھنے والے تمام افراد اور اداراوں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ پولیو ویکسین کی بچوں اور علاقوں میں سو فیصد ترسیل کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ مشترکہ قومی ذمہ داری ہے ، انسدادِ پولیو کی آخری منزل کے حصول تک والدین اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں، اساتذہ، عوامی و مقامی برادری، مذہبی رہنماؤں، ذرائع ابلاغ اور تمام قابل قدر عالمی و مقامی شراکت داروں کا مسلسل تعاون ناگزیر ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کی انسدادِ پولیو کے لئے معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،عالمی اقدام برائے انسدادِ پولیو،عطیہ دہندگان اور بین الاقوامی شراکت داروں کا مسلسل تعاون پاکستان کی انسدادِ پولیو کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے، پولیو وائرس کے پھیلائو کو روکنے اور پولیو سے پاک قومی مستقبل کے لئے یہ معاونت نہایت موثر ہے، آئیے پولیو سے پاک مستقبل کے لئے قومی عزم کے ساتھ مل کر کام کریں۔