پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشتون کلچر ڈے پر پشتون عوام سمیت پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون ثقافت اپنی شاندار روایات، مہمان نوازی، بہادری، وفاداری اور بھائی چارے کی خوبصورت پہچان ہے
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کی پشتون کلچر ڈے پر پشتون عوام سمیت پوری قوم کو مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشتون کلچر ڈے پر پشتون عوام سمیت پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون ثقافت اپنی شاندار روایات، مہمان نوازی، بہادری، وفاداری اور بھائی چارے کی خوبصورت پہچان ہے۔ بدھ کو جاری پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پشتون ثقافت صدیوں پر محیط ایک ایسی تہذیبی میراث ہے جس نے امن، محبت اور انسان دوستی کے رنگوں سے پاکستان کی قومی شناخت کو مالا مال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتون عوام نے پاکستان کی تعمیر، جمہوریت اور ملکی سلامتی کے لیے ہمیشہ بے مثال قربانیاں دی ہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پشتون مائوں، بزرگوں اور نوجوانوں کی استقامت اور قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا قابل فخر باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوبصورتی اس کے تمام ثقافتی رنگوں کے باہمی احترام اور یکجہتی میں ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک ایسے پاکستان پر یقین رکھتی ہے جہاں ہر قوم، زبان اور ثقافت کو مساوی احترام اور اپنی شناخت کے اظہار کا حق حاصل ہو۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کلچر ڈے ہمیں اپنی ثقافتی جڑوں سے جڑنے، ایک دوسرے کا احترام کرنے اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کا پیغام ہے۔







