پاکستان کا بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل اور سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل اور سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ وسیع پیمانے پر نظر بندیوں، من مانی گرفتاریوں اور بنیادی آزادیوں پر وسیع پابندیوں کی مروجہ پالیسیاں مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو اجتماعی …

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل اور سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ وسیع پیمانے پر نظر بندیوں، من مانی گرفتاریوں اور بنیادی آزادیوں پر وسیع پابندیوں کی مروجہ پالیسیاں مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو ان کی شناخت اور عقیدے کی بنیاد پر پروفائل کرنے کی خبریں ان خدشات کو مزید بڑھا دیتی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادیاتی کردار کو تبدیل کرنے اور کشمیری عوام کے مذہبی، ثقافتی اور سماجی ورثے کو ختم کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، یہ اقدامات کشمیری آبادی کی جائز امنگوں کو دبانے کی سوچی سمجھی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کشمیری نوجوان لاپتہ ہیں جبکہ کشمیری عوام کے سیاسی نمائندے بڑی تعداد میں غیر قانونی حراست میں ہیں، ایسے اقدامات کشمیری عوام کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کے پائیدار عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ، انسانی حقوق کونسل اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں، یہ ادارے بھارت کو فوری تدارک کے اقدامات کرنے کی ترغیب دیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کی جوابدہی کو یقینی بنائیں اور انسانی حقوق کی معتبر بین الاقوامی تنظیموں کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے کی اجازت دیں۔ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کا منصفانہ، پرامن اور پائیدار حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔

مزید خبریں