پاکستان کا ماربل سیکٹر غیر معمولی صلاحیتوں اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے،افتخار علی ملک

لاہور۔1فروری (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کا ماربل سیکٹر غیر معمولی صلاحیتوں اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے تاہم اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور ویلیو ایڈیشن وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اگر حکومت سنجیدہ اور عملی اقدامات کرے تو ماربل انڈسٹری ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتی ہے۔گزشتہ روز لاہور …

لاہور۔1فروری (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کا ماربل سیکٹر غیر معمولی صلاحیتوں اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے تاہم اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور ویلیو ایڈیشن وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

اگر حکومت سنجیدہ اور عملی اقدامات کرے تو ماربل انڈسٹری ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتی ہے۔گزشتہ روز لاہور میں ماربل کے درآمد کنندگان کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے، جس کی قیادت 5 ایم ماربل اور 5 ایم کنسٹرکشن کے سی ای او شہریار علی کر رہے تھے، افتخار علی ملک نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ ملک کے ماربل سیکٹر کو ترجیحی بنیادوں پر مضبوط بنائے اور اس مقصد کے لیے بین الاقوامی ماہرین اور مقامی اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ اٹالین ٹریڈ ایجنسی (آئی ٹی اے)کے سربراہ سالواتور پرانو کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے ماربل سیکٹر میں دو طرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان کی ماربل انڈسٹری کو مضبوط بنانے کے لیے ہنرمندی میں اضافے، ویلیو ایڈیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ افتخار علی ملک نے ماربل مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے اور پروسیسنگ کے جدید طریقوں کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ اٹلی سے ماہرین کو مدعو کیا جائے جو ماربل انڈسٹری کا جامع جائزہ لے کر قابل عمل سفارشات پیش کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماربل انڈسٹری کی ترقی کے لیے طویل المدتی تعاون پر مبنی حکمت عملی مرتب اور جامع ماربل انڈسٹری پالیسی تشکیل دی جائے تاکہ اس شعبے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ درست پالیسی اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج سے پاکستان کا ماربل سیکٹر عالمی منڈی میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔