اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):پاکستان نے پہلی بین الاقوامی میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2023 کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے پریمیئر ایڈیشن کا سافٹ لانچ اسلام آباد میں ہوا۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزارت بحری امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایکسپو کا انعقاد 10 سے 12 فروری 2023 تک کراچی ایکسپو …
پاکستان کا پہلی بین الاقوامی میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2023 کے انعقاد کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):پاکستان نے پہلی بین الاقوامی میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2023 کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے پریمیئر ایڈیشن کا سافٹ لانچ اسلام آباد میں ہوا۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
وزارت بحری امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایکسپو کا انعقاد 10 سے 12 فروری 2023 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں کیا جائے گا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے ذریعے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر پاک بحریہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میری ٹائم سیکٹر میں منافع بخش سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور تجارت کے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سمندر قوموں کو قریب لاتے ہیں اس لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں کے ذریعے سمندروں کو ایک محفوظ مقام بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بین الاقوامی امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان کے میری ٹائم پوٹینشل پر روشنی ڈالی جو ہماری قومی معیشت میں بھرپور کردار ادا کر سکتا ہے۔ شپ بریکنگ صنعت کی ترقی، ٹرانس شپمنٹ بندرگاہیں، ماہی گیری کی صنعت، ساحلی سیاحت، واٹر اسپورٹس اور ایکوا کلچر ایسے چند شعبے ہیں جو خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ مہمانِ خصوصی نے بہترین نتائج کے حصول کیلئے میری ٹائم انڈسٹری میں پبلک اور پرائیویٹ پارٹنرشپ پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بحری شعبے کی کارکردگی اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے تعلیمی اور تحقیقی اداروں کی صلاحیت کو بروئے کار لانا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرتی رہے گی۔
قبل ازیں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مہمانوں کی تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ نیول چیف نے امید ظاہر کی کہ میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس پاکستان کا صف اول کا ایونٹ ہو گا جسے قومی اور بین الاقوامی میری ٹائم انڈسٹری کی جدید ترین ٹیکنالوجی کی نمائش کیلئے ہر دو سال بعد منعقد کیا جائے گا۔ یہ ایونٹ کاروباری افراد، علمی اور سائنسی شخصیات، ماہرین اقتصادیات اور اعلیٰ سطح کے فیصلہ سازوں کو بحری امور میں تعاون کے فروغ اور معلومات کا تبادلہ کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
ایڈمرل نے شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے جوش و ولولہ، درست منصوبہ بندی اور تعاون کے ساتھ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2023 ہماری قومی معیشت کو تقویت دینے اور بین الاقوامی سطح پر ہمارے وقار کو بلند کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔تقریب میں وفاقی وزرائ، سفیروں، عسکری حکام، تعلیمی اداروں، میڈیا اور معاشرے کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔








