پاکستان کو جرمن کیلئے برآمدات بڑھانے کیلئے جی ایس پی پلس کی وسیع رینج سے فائدہ اٹھانا چاہیے،جرمن سفیر

پاکستان کو جرمن کیلئے برآمدات بڑھانے کیلئے جی ایس پی پلس کی وسیع رینج سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ یہ بات جرمن کی سفیر محترمہ اینا لیپل نے یہاں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی

فیصل آباد۔ 21 اپریل (اے پی پی):پاکستان کو جرمن کیلئے برآمدات بڑھانے کیلئے جی ایس پی پلس کی وسیع رینج سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ یہ بات جرمن کی سفیر محترمہ اینا لیپل نے یہاں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سڑکیں اور بنیادی ڈھانچہ موجود ہے مگر اِس کے ساتھ ٹیکسیشن اور ریگولیشن کے بھی چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے جرمن ٹیکنالوجی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کو اس سے ہر ممکن فائدہ اٹھانا چاہیے۔ جی ایس پی پلس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت صرف ٹیکسٹائل اور لیدر وغیرہ کی برآمد سے فائدہ اٹھا رہا ہے جبکہ اِس ڈیوٹی فری سہولت میں بہت سی دیگر غیر روایتی اشیاء بھی شامل ہیں جن سے فائدہ اٹھا کے وہ اپنی معیشت کو مزید بہتر بنا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کیلئے جرمن کی امداد کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ٹیکسٹائل سمیت کئی دوسرے شعبوں میں بہتری کیلئے یورپین یونین کے فنڈ دستیاب ہیں جن سے پاکستان کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ جرمنی GIZکے ذریعے پاکستان میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے بھی بھرپور امداد کر رہا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت جرمنی میں 10ہزار پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں،اس کے علاوہ پاکستانی لیبر بھی ووکیشنل ٹریننگ کیلئے جرمنی جاتی ہے مگر ان کو جرمن زبان ضرورآنی چاہیے۔ انہوں نے ویزا کے بارے میں بھی مختلف سوالوں کے جواب دیئے اور کہا کہ یہ ایک طریقہ کار کے تحت دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان جرمن مشترکہ چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کے درمیان معاملات کو براہ راست حل کیا جا سکے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے پاک جرمن تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اُن کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے فیصل آباد میں فراہمی آب کیلئے دی جانے والی امداد پر جرمنی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2025-26 کے دوران جرمنی کیلئے پاکستانی برآمدات 987ملین ڈالر تھیں، اس طرح تجارتی حجم پاکستان کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی یورپین یونین میں پاکستان کا سب سے بااعتماد دوست ہے جس نے پاکستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے بہت سے برآمد کنندگان جرمن جاتے ہیں مگر انہیں ویزا کیلئے وقت لینے میں غیر ضروری تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے ایمبیسی میں خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے یا ہفتہ میں ایک دن چیمبر کے ممبران کیلئے مختص کیا جائے جس پر جرمن سفیر نے صدر فاروق یوسف شیخ کو ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سینئر نائب صد رنوید اکرم شیخ ، نائب صدر انجینئر عاصم منیر، ایگزیکٹو ممبر عمر فاروق کاہلوں، شاہد مجید، محمد ہارون وحید اور میاں محمد طیب، وحید خالق رامے، زاہد بٹ، سلمان ارشد، محمد رئیس، علی رضا اور کاشف انجم و دیگر چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔