ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز (پپس) عاصم خان گورایہ کی زیر صدارت 19 اکتوبر 2026ء کو تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں پارلیمانی تربیتی اداروں کے عالمی نیٹ ورک کی عبوری سٹیئرنگ کمیٹی کے پہلے بالمشافہ اجلاس کا انعقاد ہوا۔
پاکستان کی جانب سے بنکاک میں پارلیمانی تربیتی اداروں کے عالمی نیٹ ورک کی سٹیئرنگ کمیٹی کے پہلے بالمشافہ اجلاس کی صدارت

مزید خبریں
بنکاک۔19اکتوبر (اے پی پی):ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز (پپس) عاصم خان گورایہ کی زیر صدارت 19 اکتوبر 2026ء کو تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں پارلیمانی تربیتی اداروں کے عالمی نیٹ ورک کی عبوری سٹیئرنگ کمیٹی کے پہلے بالمشافہ اجلاس کا انعقاد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس کی میزبانی تھائی لینڈ کے کنگ پراجادیپوک انسٹی ٹیوٹ (کے پی آئی) نے کی جس میں پاکستان، تھائی لینڈ، کیمرون، گھانا اور کینیا کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں عالمی نیٹ ورک کے انتظامی و عملی امور کو حتمی شکل دینے، پارلیمانی تربیتی اداروں کے مابین تعاون کو فروغ دینے اور فروری 2027ء میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پارلیمانی تربیتی اداروں کے عالمی اجلاس کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اس عالمی اجلاس کی میزبانی پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز کرے گا۔شرکا نے سٹیئرنگ کمیٹی کے پہلے ورچوئل اجلاس کے نتائج اور طے شدہ اقدامات کا جائزہ لیا اور نیٹ ورک کے وژن، مقاصد، رکنیت، سیکریٹریٹ اور رابطہ کاری کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ، شرکاء نے علم و تجربات کے تبادلے، باہمی سیکھنے کے عمل، مشترکہ اقدامات، ویبینارز اور استعداد کار میں اضافے کی سرگرمیوں کے ذریعے رکن اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی غور کیا۔
اجلاس میں فروری 2027ء میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے عالمی اجلاس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا جن میں مجوزہ موضوعات، شرکا کی شرکت، متوقع نتائج اور تیاری کے عمل میں شریک اداروں کی ذمہ داریوں پر گفتگو شامل تھی۔یہ اجلاس دنیا بھر کے پارلیمانی تربیتی اداروں کے درمیان بین الاقوامی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے، علم و تجربات اور بہترین عملی طریقہ ہائے کار کے تبادلے کو فروغ دینے اور پارلیمانی استعداد کار کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔







