پاکستان کی خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری کا ابوظہبی میں جنرل وومن یونین کا دورہ، خواتین کو بااختیار بنانے کے پروگراموں کا جائزہ لیا

ابوظہبی۔21نومبر (اے پی پی):پاکستان کی خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے ابوظہبی میں جنرل وومن یونین کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہیں متحدہ عرب امارات میں خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق مختلف اقدامات اور پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق جنرل ویمن یونین کی سیکرٹری جنرل نورا خلیفہ السویدی نے خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کا خیرمقدم کیا اور متحدہ عرب …

ابوظہبی۔21نومبر (اے پی پی):پاکستان کی خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے ابوظہبی میں جنرل وومن یونین کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہیں متحدہ عرب امارات میں خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق مختلف اقدامات اور پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق جنرل ویمن یونین کی سیکرٹری جنرل نورا خلیفہ السویدی نے خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کا خیرمقدم کیا اور متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مضبوط دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی ترقی میں خواتین کے کردار کو اجاگر کیا۔

جنرل وومن یونین کی جانب سے آصفہ بھٹو زرداری کو ان نمایاں پروگرامز بارے آگاہ کیا گیا جو قوم کی ماں ، جنرل ویمن یونین کی چیئر پرسن ،مدر اینڈ چائلڈ ہڈ کی سپریم کونسل کی صدر اور فیملی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی سپریم چیئر پرسن شیخہ فاطمہ بنت مبارک کی ہدایات کے تحت چلائے جا رہے ہیں۔خاتونِ اول نے شیخہ فاطمہ بنت مبارک ویمن، پیس اینڈ سکیورٹی انیشیٹو کا جائزہ لیا، یہ منصوبہ جنرل وومن یونین نے وزارت دفاع اور یو این ویمن کے اشتراک سے قائم کیا تھا۔

انہیں بتایا گیا کہ 2019 سے اب تک 25 ممالک کی 700 سے زیادہ خواتین کو خولہ بنت الازور ملٹری سکول میں تربیت فراہم کی جا چکی ہے،اس تین ماہ کے پروگرام میں امن مشنز، اندرونی سلامتی، اسلحہ چلانے کی تربیت، فیلڈ سکلز، کمیونی کیشن، لیڈرشپ ، کیمیکل ڈیفنس، شہری جنگی مہارتیں، انجینئرنگ، جیو جِتسو، فٹنس اور جنگی ابتدائی امداد جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔آصفہ بھٹو زرداری نے الجوہرا ہال کا بھی دورہ کیا جہاں شیخہ فاطمہ بنت مبارک کو ملنے والے عالمی اعزازات نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے یونین کی مستقل نمائش اور اماراتی روایات و دستکاریوں پر مشتمل ثقافتی خیمہ بھی دیکھا۔ خاتونِ اول نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے شیخہ فاطمہ بنت مبارک کی قیادت میں خواتین کو بااختیار بنانے کے ہمہ جہت اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امن اور سلامتی میں خواتین کی شمولیت مستقبل کے پائیدار ترقیاتی ڈھانچے کی بنیاد ہے۔

انہوں نے اس اقدام کو خواتین کو عالمی سطح پر امن و سلامتی کے کردار کے لیے تیار کرنے کا مثالی ماڈل قرار دیا۔دورے نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان خواتین کی ترقی، تربیت، تجربات کے تبادلے اور بین الاقوامی سطح پر بہترین عملی مثالوں کو فروغ دینے کے عزم کو مزید مضبوط بنایا۔

مزید خبریں