پاکستان کی زیر صدارت ایس سی او کونسل آف نیشنل کوآرڈینیٹرز کا پہلا اجلاس اختتام پذیر، ایس سی او رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز کی نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سے ملاقات
پاکستان کی زیر صدارت ایس سی او کونسل آف نیشنل کوآرڈینیٹرز کا پہلا اجلاس اختتام پذیر، ایس سی او رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز کی نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان کی زیر صدارت ایس سی او کونسل آف نیشنل کوآرڈینیٹرز کا پہلا اجلاس بدھ کو یہاں اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گیا جبکہ اجلاس میں شریک ایس سی او کے رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز اور ایس سی او سیکرٹریٹ کے نمائندوں نے آخری روز نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی زیر صدارت شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کی 2026-27 کی صدارت کے دوران ایس سی او کونسل آف نیشنل کوآرڈینیٹرز (سی این سی) کا پہلا اجلاس 28 سے 30 ستمبر 2026ء تک اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت پاکستان کے لیے ایس سی او کے نیشنل کوآرڈینیٹر نے کی جبکہ ایس سی او کے رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز اور ایس سی او سیکرٹریٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔تین روزہ اجلاس کے دوران نیشنل کوآرڈینیٹرز نے پاکستان کی صدارت کے تحت طے شدہ سرگرمیوں کے پروگرام کا جائزہ لیا، اہم اقدامات پر پیش رفت اور آئندہ ایس سی او اجلاسوں اور تقریبات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے اور پاکستان کی صدارت کی ترجیحات پر موثر عمل درآمد یقینی بنانے کے حوالے سے بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
یہ اقدامات پاکستان کی صدارت کے موضوع ’’تصور کو عمل میں تبدیل کرنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘ کے مطابق ہوں گے۔طے شدہ پروگرام کے تحت ایس سی او کے وفود اور سیکرٹریٹ کے نمائندوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے اور متنوع فنکارانہ روایات سے آگاہ کیا گیا۔وفد نے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں 20 نومبر سے 2 دسمبر 2026ء تک ہونے والے ایس سی او ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی کے انتظامات اور پاکستان کی ایس سی او صدارت کے تحت اس ایونٹ کے لیے کی جانے والی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
شرکت کرنے والے نیشنل کوآرڈینیٹرز نے 30 ستمبر 2026ء کو وزارت خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ایس سی او کی صدارت کے لیے پاکستان کی ترجیحات اور تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے تمام رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کو اجاگر کیا۔اجلاس متفقہ نتائج کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ شریک نیشنل کوآرڈینیٹرز نے ایس سی او کے اہداف کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور مسلسل روابط اور عملی تعاون کے ذریعے تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔







