پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں ،افواجِ پاکستان دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں، رشید صافی

پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں ،افواجِ پاکستان دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں، رشید صافی

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):معروف تجزیہ کار رشید صافی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں اور افواجِ پاکستان ہر لمحہ دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور دشمن کو واضح پیغام دیا جا چکا ہے کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

بدھ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے رشید صافی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ضرور ہے، تاہم قوم کے اتحاد، ریاستی اداروں کی مضبوطی اور افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر پاکستان میں خوف، انتشار اور بے یقینی پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، لیکن پاکستانی قوم نے ہمیشہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے تمام مذموم عزائم ناکام بنائے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے معاملات پر سیاسی و سماجی اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک متفقہ قومی بیانیہ اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ دشمن کو کسی قسم کی غلط فہمی نہ رہے۔

رشید صافی نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی افواج پر مکمل اعتماد رکھتی ہے اور یہی اعتماد ملک کی اصل طاقت ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن کسی نے جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کا بھرپور، فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن غضب للحق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں اور ان کے معاون انفراسٹرکچر کے خلاف مسلسل کامیاب کارروائیاں کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر خطے میں بدامنی پھیلانے کے لیے دہشت گرد تنظیموں کو سہولت کاری فراہم کر رہے ہیں، جس کے باعث علاقائی امن و استحکام متاثر ہو رہا ہے۔

رشید صافی نے کہا کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں بھی اس امر پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈا مہمات حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتیں، کیونکہ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور کردار سے بخوبی آگاہ ہے۔