اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):پاکستان نے دنیا کی سب سے بڑی سیاحتی تجارتی نمائش’’ آئی ٹی بی برلن 2026 ‘‘میں مضبوط اور متحد قومی موجودگی کا مظاہرہ کیا ہے ،نمائش گزشتہ روز جرمنی کے شہر برلن میں شروع ہوئی ، یہ شرکت پاکستان ٹوورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)نے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے تحت محکمہ سیاحت پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان ،نجی شعبے کے 16 ممتاز ٹور آپریٹرز …
پاکستان کی سیاحتی تجارتی نمائش آئی ٹی بی برلن 2026 میں شرکت،قومی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):پاکستان نے دنیا کی سب سے بڑی سیاحتی تجارتی نمائش’’ آئی ٹی بی برلن 2026 ‘‘میں مضبوط اور متحد قومی موجودگی کا مظاہرہ کیا ہے ،نمائش گزشتہ روز جرمنی کے شہر برلن میں شروع ہوئی ، یہ شرکت پاکستان ٹوورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)نے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے تحت محکمہ سیاحت پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان ،نجی شعبے کے 16 ممتاز ٹور آپریٹرز اور مہمان نوازی کی کمپنیوں کے اشتراک سے منظم کی گئی۔
ترجمان پی ٹی ڈی سی کے مطابق پاکستان پویلین کا باضابطہ افتتاح ملک کے جرمنی میں ہیڈ آف چانسری سرور حسین نے کیا جو یورپی منڈی میں پاکستان کی سیاحت کے فروغ اور سیاحتی سفارت کاری کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتِ پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔پاکستان پویلین میں ملک کی متنوع سیاحتی کششوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے جن میں پہاڑی اور ایڈونچر سیاحت، ثقافتی و تاریخی سیاحت، مذہبی سیاحت، ایکو ٹورازم اور سیاحتی انفراسٹرکچر میں ابھرتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع شامل ہیں۔
پاکستان کی یہ متحدہ شرکت وفاقی و صوبائی ہم آہنگی اور سرکاری و نجی شراکت داری کی ایک مضبوط مثال پیش کرتی ہے ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ثقلین سید ہ نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن، قدیم تہذیبوں اور رنگا رنگ ثقافت کا ایک شاندار امتزاج پیش کرتا ہے۔ آئی ٹی بی برلن 2026 میں شرکت سیاحتی شراکت داریوں کو فروغ دینے اور پاکستان، جرمنی نیز وسیع تر یورپی خطے کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنانے کے ہمارے عزم کی عکاسی ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمٰن رانا نے اپنے پیغام میں کہا کہ آئی ٹی بی برلن 2026 میں ہماری موجودگی عالمی سطح پر پاکستان کی سافٹ امیج کو ایک سیاح دوست ملک کے طور پر اجاگر کرنے کی مربوط قومی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ ِ سیاحت اور نجی شعبے کے اشتراک سے ہم پاکستان کو بین الاقوامی سیاحوں اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک محفوظ، خوش آمدید کہنے والا اور بلند امکانات کے حامل سیاحتی مقام کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔
نمائش کے دوران پاکستانی وفد بی ٹو بی ملاقاتوں، نیٹ ورکنگ سیشنز اور سٹریٹجک روابط میں بھرپور انداز میں مصروف ہےتاکہ بین الاقوامی ٹور آپریٹرز، سرمایہ کاروں، میڈیا نمائندگان اور سفری تنظیموں کے ساتھ روابط بڑھا کر آنے والی سیاحت کو فروغ اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔آئی ٹی بی برلن میں پاکستان کی مسلسل شرکت عالمی سطح پر سیاحتی روابط کے فروغ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول اور پاکستان کو عالمی سیاحتی نقشے پر ایک لازمی سیاحتی منزل کے طور پر متعارف کرانے کے اس کے سٹریٹجک عزم کی عکاس ہے۔








