پاکستان کی معاشی بہتری کے لئے صنعتی تنوع ضروری ہے، فاروق یوسف شیخ

فیصل آباد۔ 06 اپریل (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی بہتری کے لئے صنعتی تنوع ضروری ہے اور ہمیں ٹیکسٹائل پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ نئے اور ابھرتے ہوئے دیگر شعبوں کی بھی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔ یہ بات انہوں نے کنفکشنری بارے قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس …

فیصل آباد۔ 06 اپریل (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی بہتری کے لئے صنعتی تنوع ضروری ہے اور ہمیں ٹیکسٹائل پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ نئے اور ابھرتے ہوئے دیگر شعبوں کی بھی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔ یہ بات انہوں نے کنفکشنری بارے قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں چینی کی غیر یقینی فراہمی اور اس کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے کنفکشنری کی برآمدات اور اس شعبہ پر پڑنے والے منفی اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ صدر چیمبر نے کہا کہ صنعتوں کے اجتماعی مسائل میں مہنگی بجلی اور سرمایہ، ری فنڈ کی ادائیگی میں تاخیر اور دیگر کاروباری مشکلات شامل ہیں جبکہ کنفکشنری کے مخصوص مسائل میں چینی سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنفکشنری،برآمدات بڑھانے کے حوالے سے ایک اہم شعبہ ہے جبکہ اس شعبہ سے منسلک افراد افریقہ کو برآمدات بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس شعبہ کی چیمبر میں موثر نمائندگی پر سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ کی خدمات اور کوششوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ فیصل آباد چیمبر اب اس شعبہ کے مسائل کو وسیع تناظر میں لے کر چلے گا۔ انہوں نے فوری طور پر سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ ٹیکس سے متعلقہ کنفکشنری کے مسائل کے حل کے سلسلے میں بات چیت کےلئے ایف بی آر کے ڈاکٹر نجیب سے درخواست کریں۔

صدر چیمبر نے کہا کہ فیصل آباد میں بھی کنفکشنری ایسوسی ایشن کا ریجنل آفس ہونا چاہیے۔ انہوں نے کنفکشنری سے متعلقہ کاروباری افرادسے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کسی فرد کی ملکیت نہیں۔ ہر سال اس کے عہدیدار تبدیل ہوتے ہیں۔ آپ بھی چیمبر میں اپنے سیکٹر کی ممبر شپ بڑھائیں تاکہ آپ کو بھی بزنس کیمونٹی کے اجتماعی مسائل حل کرنے کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کنفکشنری سے متعلقہ مسائل اور ان کے حل کےلئے قابل عمل تجاویز دیں تاکہ چیمبر ان کے حل کےلئے عملی اقدامات کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات کو 60ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتی ہے مگر اس ہدف کے حصول کی راہ میں مہنگی بجلی، مہنگا سرمایہ اور دیگر مسائل حائل ہیں اور حکومت اور موجودہ کمشنر صنعتوں کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور انہوں نے عملی طور پر صنعتوں کو ریلیف دلوایا بھی ہے۔ انہوں نے بزنس کیمونٹی کو ملکی معیشت کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم فیصل آباد کی مصنوعات کی تشہیر کے لئے 8۔9۔10اپریل کو میڈ اِن فیصل آباد ایکسپو کرا رہے ہیں۔ انہوں نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ اس ایکسپو میں بھر پور شرکت کریں۔