پاکستان کی پارلیمان کو 69ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے مرکزی پروگرام میں پہلے گرین میس ایوارڈ سے نوازا گیا

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی پارلیمان کی جانب سے دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن کا گرین میس ایوارڈ وصول کیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق یہ ایوارڈ قومی اسمبلی کے گرین پارلیمنٹ اقدام، دنیا کی پہلی سو فیصد سولر توانائی سے چلنے والی پارلیمان ہونے، پیپر لیس پارلیمانی نظام کی جانب پیشرفت اور دیگر ماحول دوست اقدامات کے اعتراف میں دیا گیا۔اس موقع پر سپیکر قومی …

کیپ ٹائون ۔17ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی پارلیمان کی جانب سے دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن کا گرین میس ایوارڈ وصول کیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق یہ ایوارڈ قومی اسمبلی کے گرین پارلیمنٹ اقدام، دنیا کی پہلی سو فیصد سولر توانائی سے چلنے والی پارلیمان ہونے، پیپر لیس پارلیمانی نظام کی جانب پیشرفت اور دیگر ماحول دوست اقدامات کے اعتراف میں دیا گیا۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گرین میس ایوارڈ ملنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بطور سپیکر قومی اسمبلی یہ ایوارڈ وصول کرنا میرے لئے باعثِ اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز محض ایک ایوارڈ نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے صاف اور بہتر ماحول یقینی بنانے کے پارلیمانی عزم کا اعتراف ہے، گرین پارلیمنٹ کی جانب سفر کسی اعزاز کے حصول کے لئے نہیں بلکہ عوام، بچوں اور آنے والی نسلوں کے ساتھ ذمہ داری کے احساس کے تحت شروع کیا گیا۔سپیکر نے کہا کہ گرین میس ایوارڈ منزل نہیں بلکہ پائیدار ماحول کے لئے مزید اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ ہے۔قومی اسمبلی پاکستان نے اپنی توانائی کی ضروریات کے لئےسو فیصد شمسی توانائی اختیار کر رکھی ہے جس کے باعث اسے دنیا کی پہلی سو فیصد سولر توانائی سے چلنے والی پارلیمان کا اعزاز حاصل ہے۔

قومی اسمبلی نے پارلیمانی کارروائی کو ڈیجیٹل بنانے اور کاغذ کے استعمال میں کمی کے لئے الیکٹرانک ٹیبلٹس کے استعمال کے ذریعے پیپر لیس پارلیمانی نظام کی جانب بھی اہم پیش رفت کی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے منصوبے کا اجرا ء بھی قومی اسمبلی کے ماحول دوست اقدامات کا اہم حصہ ہے جس کا مقصد پانی کے وسائل کا تحفظ اور مؤثر استعمال ہے۔

دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے شرکاء نے پاکستان کے گرین پارلیمنٹ اقدام اور ماحول دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے قومی اسمبلی کے تجربے کو دولت مشترکہ کی دیگر پارلیمانوں کے لیے قابلِ تقلید ماڈل قرار دیا۔گرین میس ایوارڈ پاکستان کی پارلیمان کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ، پائیدار ترقی، ڈیجیٹل پارلیمانی نظام اور وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کے لئے جاری کوششوں کا اہم بین الاقوامی اعتراف ہے۔