پاکستان کی 49 ممالک کو تازہ آموں کی برآمدات 107.09 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ مجموعی طور پر 85,247 ٹن آم برآمد کئے گئے
پاکستان کی 49 ممالک کو آموں کی برآمدات 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کی 49 ممالک کو تازہ آموں کی برآمدات 107.09 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ مجموعی طور پر 85,247 ٹن آم برآمد کئے گئے۔ یہ بات ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری برآمدی اعدادوشمار میں بتائی گئی ۔پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کے اعدادوشمار کے مطابق رپورٹ میں شامل مدت کے دوران پاکستان نے تقریباً 30.21 ارب روپے مالیت کے تازہ آم برآمد کئے۔برطانیہ برآمدی مالیت کے لحاظ سے سب سے بڑی منڈی کے طور پر سامنے آیا، جہاں پاکستان سے 29.92 ملین ڈالر مالیت کے 8,078 ٹن آم درآمد کئے گئے۔متحدہ عرب امارات برآمدی مالیت کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہا جہاں 17.98 ملین ڈالر مالیت کے آم بھیجے گئے تاہم مقدار کے لحاظ سے متحدہ عرب امارات سب سے بڑی منڈی رہا جس نے پاکستان سے 23,025 ٹن آم درآمد کئے۔قازقستان بھی ایک بڑی برآمدی منڈی رہا جہاں 13.99 ملین ڈالر مالیت کے 18,412 ٹن آم بھیجے گئے۔ اس طرح قازقستان برآمدی مالیت کے لحاظ سے تیسری اور مقدار کے لحاظ سے دوسری بڑی منڈی رہا۔افغانستان برآمدی مالیت کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر رہا جہاں پاکستان سے 10.75 ملین ڈالر مالیت کے 14,261 ٹن آم درآمد کئے گئے۔ اس کے بعد عمان کا نمبر رہا جہاں 7.53 ملین ڈالر مالیت کے 10,067 ٹن آم بھیجے گئے۔برطانیہ، متحدہ عرب امارات، قازقستان، افغانستان اور عمان پر مشتمل پانچ بڑی منڈیوں سے مجموعی طور پر تقریباً 80.16 ملین ڈالر کی برآمدی آمدن حاصل ہوئی جو اعدادوشمار میں ریکارڈ کی گئی پاکستان کی تازہ آموں کی مجموعی برآمدی آمدن کا تقریباً 75 فیصد بنتی ہے۔ان پانچ ممالک کو مجموعی طور پر تقریباً 73,842 ٹن آم برآمد کئے گئے جو آموں کی مجموعی برآمدی مقدار کا تقریباً 87 فیصد ہیں۔اعدادوشمار سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان نے متعدد یورپی، شمالی امریکی اور خلیجی منڈیوں کو بھی آم برآمد کئے۔جرمنی نے پاکستان سے 4.73 ملین ڈالر مالیت کے آم درآمد کئے جبکہ سعودی عرب کو 3.14 ملین ڈالر، ناروے کو 2.73 ملین ڈالر، کینیڈا کو 2.05 ملین ڈالر اور قطر کو 1.50 ملین ڈالر مالیت کے آم برآمد کئے گئے۔دیگر برآمدی منڈیوں میں اٹلی، سویڈن، جاپان، امریکا، بحرین، تاجکستان، آئرلینڈ، آسٹریلیا، فرانس، ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ، سنگاپور، یونان، سپین، ملائیشیا، جنوبی کوریا، کویت، ازبکستان اور نیدرلینڈز شامل تھے۔برآمدی اعدادوشمار میں ہانگ کانگ، بیلجیئم، جمہوریہ چیک، ماریشس، آسٹریا، رومانیہ، آذربائیجان، فن لینڈ، برونائی دارالسلام، روس، عراق، جنوبی افریقہ، تنزانیہ، فلپائن، فجی، ترکیہ، مڈغاسکر اور ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو کو بھی آموں کی برآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں۔چین بھی پاکستان کے تازہ آموں کی برآمدی منڈیوں میں شامل رہا، جہاں تقریباً 11,811 کلوگرام آم برآمد کیے گئے، جن کی مالیت 14,510.66 ڈالر تھی۔اگرچہ چین کو برآمد کئے گئے آموں کی مقدار بڑی منڈیوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم تھی تاہم اعدادوشمار میں اس کی شمولیت پاکستانی آموں کی برآمدات کے جغرافیائی پھیلائو کو ظاہر کرتی ہے۔اعدادوشمار بڑی برآمدی منڈیوں میں حاصل ہونے والی آمدن اور برآمدی مقدار کے درمیان فرق کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔ برطانیہ سے سب سے زیادہ برآمدی آمدن حاصل ہوئی جبکہ متحدہ عرب امارات، قازقستان اور افغانستان کو نمایاں طور پر زیادہ مقدار میں آم برآمد کئے گئے۔پانچ بڑی برآمدی منڈیوں سے مجموعی برآمدی آمدن کا تقریباً تین چوتھائی حصہ حاصل ہوا جبکہ باقی منڈیوں کا مجموعی برآمدی مالیت میں حصہ تقریباً ایک چوتھائی رہا۔مجموعی طور پر پاکستان نے 49 بین الاقوامی منڈیوں کو 85 ہزار ٹن سے زائد تازہ آم برآمد کئے جن کی مالیت 107.09 ملین ڈالر رہی۔ برآمدی آمدن کے لحاظ سے برطانیہ اور برآمدی مقدار کے لحاظ سے متحدہ عرب امارات سرفہرست رہے۔







