پاکستان کے ڈیجیٹل میڈیا کے مستقبل پر ”قومی مکالمہ” کے عنوان سے ایف پی سی سی آئی میں سیمینار
پاکستان کے ڈیجیٹل میڈیا کے مستقبل پر ”قومی مکالمہ” کے عنوان سے ایف پی سی سی آئی میں سیمینار

مزید خبریں
لاہور۔24ستمبر (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ جب بھی ملک پر مشکل وقت آیا، میڈیا اور ہماری قومی قیادت نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا،خاص طور پر معرکہِ حق کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ڈیجیٹل اور قومی میڈیا کے موثر استعمال کے ذریعے جس طرح پوری قوم کو حقائق اور سچی تصویر دکھائی، وہ انتہائی قابلِ تحسین ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف پی سی سی آئی وپیمرز کے باہمی اشتراک سے پاکستان کے ڈیجیٹل میڈیا کے مستقبل پر قومی مکالمہ کے عنوان سے ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور میں منعقدہ خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سیمینار میں چھ بنیادی نکات ڈیجیٹل میڈیا ومعیشت میں ابھرتے ہوئے مواقع، تکنیکی تبدیلیاں وجدت،معلومات کی ساکھ وذمہ دارانہ ڈیجیٹل ابلاغ، کاروبار دوست ضابطہ جاتی ماحول و پالیسی فریم ورک، ڈیجیٹل خواندگی و نوجوانوں کی مثبت شمولیت، سرمایہ کاری، کاروبار، روزگار اور معاشی ترقی کے مواقع کو تفصیل سے زیرِ بحث لایا گیا۔سیمینار میں ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین و نائب صدر ذکی اعجاز،پیمرا کی ڈائریکٹر جنرل عائشہ منظور وٹو، سینئر صحافیوں، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ڈیجیٹل میڈیا و بین الاقوامی تعلقات کے ماہرین، یونیورسٹیز کے فیکلٹی ممبران و طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔
ذکی اعجاز نے کہاکہ آج کے سیشن میں ماہرین نے ڈیجیٹل میڈیا کو موثر بنانے کے لیے نوجوانوں کو تعلیم و تربیت فراہم کرنے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مناسب طریقے سے منظم کرنے اور اپنے مقامی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل میڈیا کی ضروریات کے مطابق تربیت دینا ہوگی تاکہ وہ اس شعبے میں موثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے مزید کہاکہ سوشل میڈیا کے استعمال کرنے کے اصولوں کو سلیبس میں شامل کرنے اور اپنے سرچ انجز بنانے کی بھی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں۔
عائشہ منظوروٹو نے کہاکہ ڈیجیٹل میڈیا اب الیکٹرانک میڈیا کی محض ایکسٹینشن نہیں رہا بلکہ یہ ایک الگ اور اہم شعبہ بن چکا ہے، جسے صرف میڈیا نہیں بلکہ لائٹ اکانومی کے طور پر بھی دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر شخص کے ہاتھ میں موبائل فون اور ہر کوئی اپنی بات کر رہا ہے، پیمرا کی ذمہ داری صرف چیزوں کو بین کرنا یا نوٹس جاری کرنا نہیں بلکہ اس کی ذمہ داریاں بہت وسیع ہیں،ہمارا فوکس نیشنل سکیورٹی،نیشنل ایجنڈا اور اکانومی پر ہونا چاہئے۔







