پاک بحریہ کی کھلے سمندر میں بڑی کارروائی، اربوں روپے مالیت کی بھاری مقدار میں منشیات برآمد، دو کشتیاں قبضے میں لے لیں

پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسداد منشیات کے دو کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے بین الاقوامی مارکیٹ میں تقریباً 96 ملین امریکی ڈالرز مالیت کی منشیات کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے ملکی ساحل سے دور بحیرہ عرب کے کھلے سمندر میں انسداد منشیات کے دو الگ الگ آپریشنز کیے۔ کارروائیوں کے …

راولپنڈی۔7اکتوبر (اے پی پی):پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسداد منشیات کے دو کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے بین الاقوامی مارکیٹ میں تقریباً 96 ملین امریکی ڈالرز مالیت کی منشیات کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے ملکی ساحل سے دور بحیرہ عرب کے کھلے سمندر میں انسداد منشیات کے دو الگ الگ آپریشنز کیے۔ کارروائیوں کے دوران مشتبہ نقل و حرکت پر دو کشتیوں (ڈھوز) کو روکا گیا اور ان کی تلاشی لی گئی۔

تلاشی کے دوران کشتیوں کے خفیہ خانوں سے مہارت سے چھپائی گئی 850 کلوگرام آئس (کرسٹل میتھ) اور 2000 کلوگرام حشیش/چرس برآمد کی گئی۔ پکڑی گئی مجموعی منشیات کی مالیت بین الاقوامی سطح پر تقریباً 96 ملین امریکی ڈالرز بنتی ہے۔ ضبط شدہ منشیات اور کشتیوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جنہیں مزید قانونی کارروائی اور تلفی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کھلے سمندر میں یہ کامیاب آپریشنز پاک بحریہ کی سمندری حدود میں ہمہ وقت چوکسی، مسلسل موجودگی اور خطے کے سمندری تحفظ کے ساتھ ساتھ غیر قانونی سمگلنگ کی روک تھام کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔