پاک بحریہ ہر طرح کے روایتی و غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، ترجمان پاک بحریہ

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ ہر طرح کے روایتی و غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ وہ پیر کو پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں 51ویں سٹاف کورس کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی وار کالج لاہور پہنچنے پر کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل شفاعت علی خان نے نیول چیف کا استقبال کیا۔

امیر البحر کا خطے میں بدلتی صورتحال کے تناظر میں میری ٹائم سیکیورٹی سے متعلق مختلف چیلنجز پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی محاذ پر کامیابی کیلئے عسکری طاقت کے علاوہ ایمان کی مضبوطی اور کردار کی پختگی انتہائی ضروری ہے۔قبل ازیں کورس کے شرکاء نے تحقیقی مقالہ بھی پیش کیا۔